کسانوں کو گندم کی مقررہ امدادی قیمت کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی، رانا تنویر حسین
گندم کی امدادی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کی اور کسانوں کو مقررہ امدادی قیمت کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی
وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کی ہے اور کسانوں کو مقررہ امدادی قیمت کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
رانا تنویر حسین نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ فی ایکڑ پیداوار بڑھانے کے لیے کھادوں کا متوازن استعمال یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کھادوں کا غیر متوازن استعمال زرعی پیداوار اور زمین کی زرخیزی کو متاثر کرتا ہے، جبکہ مٹی کے تجزیے کی بنیاد پر کھادوں کا استعمال پیداوار میں اضافے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گندم کی بہتر پیداوار کے لیے معیاری بیج، متوازن کھاد اور جدید زرعی طریقوں کا استعمال ضروری ہے۔ کسان زرعی ماہرین کی سفارشات کے مطابق کھادوں کا بروقت استعمال کریں۔
انہوں نے کہا کہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کسانوں کی آمدن اور ملکی غذائی تحفظ کے لیے ناگزیر ہے۔ حکومت کسانوں کے معاشی تحفظ اور زرعی شعبے کے استحکام کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ گندم کی پیداوار میں اضافے کے لیے حکومت اور کسانوں کی مشترکہ کوششیں ضروری ہیں۔