کراچی:
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ضلع وسطی نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کو موصولہ معلومات کی بنیاد پر اسسٹنٹ کمشنر نارتھ ناظم آباد کے ہمراہ نارتھ ناظم آباد کے ایک نجی اسپتال میں مشترکہ کارروائی کے دوران سرکاری ای پی آئی ویکسین برآمد کرلی۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کے مطابق برآمد شدہ ویکسین سیل کرکے ڈسٹرکٹ ویکسین اسٹور کی تحویل میں دے دی گئی، ویکسین کے بیچ نمبرز کی ضلعی سپلائی ریکارڈ سے جانچ جاری ہے۔
یہ کارروائی سات نومبر کو کی گئی اس کے اگلے روز 8 نومبر کو ڈی ایچ او نے سپلائی سے منسلک پائے جانے والے سرکاری ویکسی نیٹر کو ڈیوٹی سے ہٹا دیا اور سندھ سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 1973 کے تحت باقاعدہ انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی۔ نجی اداروں کی مؤثر نگرانی اور قانونی کارروائی کے لیے سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن اور ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن سے بھی رابطہ کیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ منگل 10 نومبر کو اخبارات میں شائع خبر میں اس واقعے کو ڈی ایچ او آفس کی ناکامی کے طور پر پیش کیا گیا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ معاملہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کی اپنی کارروائی کے نتیجے میں سامنے آیا، اور تمام اقدامات خبر کی اشاعت سے پہلے ہی کیے جا چکے تھے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس نے ان بچوں کی نشاندہی بھی کی ہے جنہیں برآمد شدہ اسٹاک سے ویکسین لگائی گئی ہو سکتی ہے، اور ان کی مفت دوبارہ ویکسینیشن کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
والدین کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ ای پی آئی کی تمام ویکسین سرکاری مراکز پر بالکل مفت ہیں۔ کسی کو ان ویکسین کی قیمت وصول کرنے یا گھر پر پیسوں کے عوض لگانے کی اجازت نہیں۔ پیسے مانگے جانے کی صورت میں قریبی سرکاری ای پی آئی مرکز یا ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس ضلع وسطی کو اطلاع دیں۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس سرکاری ویکسین کے غلط استعمال کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر قائم ہے اور ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری رکھے گا۔.