یونیورسٹی روڈ پر طلبا سے لوٹ مار کرنے والا ملزم گرفتار

ملزم نے مبینہ ٹاؤن تھانے کی حدود سے چند گھنٹوں قبل بس کا انتظار کرنے والے طالب علم سے موبائل، لیپ ٹاپ اور نقدی چھینی تھی


شاہ میر خان November 11, 2026

کراچی کے ضلع شرقی کی پولیس نے یونیورسٹی روڈ پر طالب علم کو لوٹنے والے ملزم کو چند گھنٹوں میں گرفتار کرکے موبائل، لیپ ٹاپ اور نقدی سمیت دیگر سامان برآمد کرلیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر طالب علم کو لوٹنے والا ملزم کو ڈسٹرکٹ ایسٹ کی پولیس نے واردات کے چند گھنٹوں بعد خفیہ اطلاع پر کارروائی کر کے گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق ملزم کی شناخت شمشیر کے نام سے ہوئی جو یونیورسٹی روڈ پر بس کا انتظار کرنے والے طالب علم سے لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث تھا۔ ملزم نے اسلحہ کے زور پر موبائل فونز، لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ اور دیگر سامان چھینا تھا۔

ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ایسٹ کے مطابق ملزم کے خلاف واردات کا مقدمہ تھانہ مبینہ ٹاؤن میں درج کیا تھا جبکہ گرفتاری کے بعد ملزم کے قبضے سے چھینے گئے موبائل فونز، لیپ ٹاپ، ٹیبلیٹ اور نقدی برآمد کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق وارداتوں کیلیے استعمال ہونے والا غیر قانونی اسلحہ اور زیرِ استعمال موٹرسائیکل بھی برآمد کرلیا گیا ہے جبکہ ملزم کے خلاف سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت ایک اور مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ابوالحسن اصفہانی روڈ پر گاڑی کے انتظار میں کھڑی طالبات کے ساتھ بھی لوٹ مار کی واردات ہوئی تھی جس کے بعد وزیر داخلہ سندھ نے نوٹس لے کر ایس ایس پی ایسٹ سے رپورٹ طلب کی اور ملزمان کی گرفتاری کی ہدایت کی تھی۔

چوبیس گھنٹے سے زائد وقت گزرنے کے بعد اُس کیس میں پیشرفت نہیں ہوسکی تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ہیومن انٹیلیجنس اور سی سی ٹی وی کی مدد سے سراغ لگانے کی کوشش کی جارہی ہے۔