پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ان کے وکلا بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ نے ملاقات کی، جس میں مقدمات پر تفصیلی مشاوررت کی گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بانی پی ٹی آئی کے وکلا اڈیالہ جیل راولپنڈی میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کیے بغیر واپس روانہ ہوگئے۔
جیل جانے سے قبل داہگل ناکے پر مختصر گفتگو میں بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا تھا کہ ملاقات صرف مقدمات کے حوالے سے ہدایات لینے کے لیے ہے لہٰذا کوئی سیاسی گفتگو نہیں کریں گے۔
جیل ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلمان صفدر اور سردار لطیف کھوسہ کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات 2 گھنٹے سے زائد جاری رہی اور دونوں وکلا نے ان سے مقدمات اور متفرق پٹیشنز پر تفصیلی مشاورت کی۔
جیل ذرائع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے دوران ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی موجود تھیں اور وکلا نے بشریٰ بی بی کے مقدمات اور دیگر قانونی پہلوؤں پر بھی بانی سے مشاورت کی۔
ذرائع نے بتایا کہ اڈیالہ جیل راولپنڈی میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی سے وکلا کی ملاقات کانفرنس روم میں کرائی گئی۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے گزشتہ روز عمران خان اور ان کے وکلا کی ملاقات کرانے کا حکم جاری کردیا تھا اور بتایا گیا تھا کہ ایڈووکیٹ جنرل تین بجے لطیف کھوسہ اور بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کرائیں گے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا کے خلاف اپیلوں پر سماعت 10 دن بعد مقرر کرنے کی ہدایت کردی ہے اور کیس کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سردار سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد آصف نے کی۔