باپ نے شیرخوار بیٹے کو جنگل میں زندہ دفن کردیا؛ بچے کو 24 گھنٹوں بعد کیسے بچایا گیا؟

پولیس نے 25 سالہ والد مائیکل کومر کو حراست میں لے لیا


ویب ڈیسک November 11, 2026
امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں 11 ماہ کے بچے کو زندہ دفن کرنے کے واقعے کے بعد والد گرفتار۔

امریکی ریاست جنوبی کیرولائنا میں ایک باپ نے اپنے 11 ماہ کے بیٹے کو کتے کے پنجرے میں بند کرکے جنگل میں زندہ دفن کردیا تاہم تقریباً 24 گھنٹے بعد رونے کی آواز سن کر ریسکیو اہلکاروں نے بچے کو زندہ نکال لیا۔

عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بچے کی شناخت کوآہ شارپ کے نام سے ہوئی ہے جسے پیر کے روز اس کا 25 سالہ والد مائیکل کومر اپنے ساتھ لے گیا تھا۔

بچے کی دادی نے اسے والد کے حوالے کیا تھا اور کچھ دیر بعد ایک دوسرے نگراں نے گھر پہنچنا تھا لیکن اس وقت تک باپ اور بچہ دونوں غائب ہوچکے تھے۔

ریسکیو حکام نے تلاش شروع کی اور پیر کی رات والد مائیکل کومر کو ایک عمارت سے گرفتار کرلیا تاہم بچہ اس کے ساتھ موجود نہیں تھا۔

منگل کو تقریباً 100 اہلکاروں پر مشتمل ٹیم نے جنگل میں تلاش جاری رکھی تو ایک مقام پر تازہ کھودی گئی مٹی دکھائی دی۔

کھدائی شروع کی گئی تو زمین کے نیچے سے رونے کی آواز سنائی دی۔ بچہ تولیے میں لپٹا ہوا کتے کے پنجرے میں موجود تھا جسے مٹی میں دبایا گیا تھا۔

ریسکیو حکام کے مطابق تولیے کی وجہ سے پنجرے میں ہوا کی کچھ گنجائش باقی رہ گئی تھی جس نے بچے کی جان بچانے میں مدد دی۔

بچے کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔

پولیس نے والد کو چوری اور گرفتاری میں مزاحمت کے الزامات کے تحت گرفتار کیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی پر بھی غور کیا جارہا ہے۔