بھارتی اداکارہ نورا فتحی کی سکیش چندر شیکھر کے خلاف بھتہ خوری کے مقدمے میں گواہی کے بعد ملزم کے وکلا نے ان کے بیان پر سوالات اٹھاتے ہوئے آئندہ سماعت پر جرح کی تیاری شروع کردی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نورا فتحی بدھ کو نئی دہلی کی راؤز ایونیو عدالت میں پیش ہوئیں جہاں انہوں نے استغاثہ کی گواہ کی حیثیت سے اپنا بیان ریکارڈ کرایا۔
عدالت نے انہیں پہلے بھی دو مرتبہ طلب کیا تھا تاہم ایک پیشی پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی تھی۔
اس موقع پر عدالت نے ان کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں عدالتی کارروائی کو سنجیدگی سے لینے کی تنبیہ کی تھی۔
نورا فتحی نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں دسمبر 2020 میں چنئی میں ایک فلاحی تقریب کے لیے فنکارہ کے طور پر مدعو کیا گیا تھا اور اس کے عوض کوئی معاوضہ نہیں دیا گیا۔
تاہم سکیش کے وکلا نے مبینہ طور پر اس تقریب سے منسلک قیمتی ہینڈ بیگ، موبائل فون اور بی ایم ڈبلیو گاڑی سے متعلق سوالات اٹھائے ہیں۔
سکیش کے وکیل اننت ملک کا کہنا ہے کہ جرح کے دوران دستاویزات اور شواہد پیش کیے جائیں گے۔
انہوں نے ضابطۂ فوجداری کی دفعہ 319 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر دورانِ سماعت کسی دوسرے شخص کے ملوث ہونے کے شواہد سامنے آئیں تو عدالت اس کے خلاف بھی کارروائی کرسکتی ہے۔
کیس کی مختصر تاریخ
یہ مقدمہ تقریباً 200 کروڑ بھارتی روپے کی مبینہ بھتہ خوری سے متعلق ہے۔ نورا فتحی اس مقدمے میں فی الحال ملزمہ نہیں بلکہ استغاثہ کی گواہ ہیں۔
دہلی پولیس کے بقول سکیش چندر شیکھر نے 2020 اور 2021 کے دوران تہاڑ جیل میں قید سابق کاروباری شخصیت شیوندر موہن سنگھ کی اہلیہ ادیتی سنگھ کو سرکاری افسر ظاہر کرکے فون کیے اور ان کے شوہر کو جیل سے رہا کرانے میں مدد دینے کے بہانے بھاری رقم وصول کی۔
اس معاملے میں سکیش کی اہلیہ لینا ماریا پال اور دیگر افراد بھی تفتیش کی زد میں آئے۔
تحقیقات کے دوران نورا فتحی کا نام بھی سامنے آیا کیونکہ دسمبر 2020 میں وہ چنئی میں لینا ماریا پال کے زیرِ اہتمام ایک تقریب میں شریک ہوئی تھیں۔
نورا نے تفتیشی اداروں کو بتایا تھا کہ انہیں اس تقریب کے دوران قیمتی تحائف، جن میں ایک مہنگا بیگ اور موبائل فون شامل تھے، دیے گئے جبکہ بی ایم ڈبلیو گاڑی دینے کی پیشکش بھی کی گئی تھی۔
بعدازاں انہیں اس مقدمے میں استغاثہ کی گواہ نامزد کیا گیا۔ تاہم نورا نے منی لانڈرنگ میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔