اسپین میں مکانوں کے بڑھتے کرایوں اور مہنگائی کے خلاف 14 سال بعد ملک گیر عام ہڑتال کی گئی جس کے باعث ٹرانسپورٹ، صنعتی سرگرمیاں اور دیگر عوامی خدمات بند رہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق بدھ کو ہونے والی اس ہڑتال میں ملک کی دو بڑی مزدور تنظیموں سمیت کرایہ داروں کی انجمنوں نے بھی حصہ لیا۔
میڈرڈ اور بارسلونا سمیت کئی شہروں میں سڑکیں بند رہیں، ٹریفک اور عوامی ٹرانسپورٹ متاثر ہوئی جبکہ بعض مقامات پر مظاہرین نے ٹائر جلائے۔ پولیس کے مطابق ہڑتال سے متعلق واقعات میں 40 افراد گرفتار کیے گئے۔
احتجاج کی ایک بڑی وجہ 87 سالہ خاتون ماری کارمین اباسکال کی بے دخلی بھی بنی، جو میڈرڈ میں تقریباً 70 برس سے رہائش پذیر تھیں۔ نئے مالکان کی جانب سے کرایہ بڑھائے جانے کے بعد انہیں گھر چھوڑنا پڑا اور وہ کچھ ہفتوں بعد اسپتال میں انتقال کرگئیں۔
رپورٹ کے مطابق میڈرڈ میں 50 مربع میٹر کے مکان کا اوسط ماہانہ کرایہ اکتوبر میں ایک ہزار 170 یورو تک پہنچ گیا، جو اسپین کی اوسط مجموعی ماہانہ تنخواہ کا تقریباً نصف ہے۔
وزیراعظم پیدرو سانچیز نے ہڑتال کی حمایت کی تاہم اپوزیشن نے اسے 29 نومبر کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات سے قبل سیاسی مہم قرار دیا ہے۔
مزدور تنظیموں کا دعویٰ ہے کہ تقریباً 40 لاکھ افراد ہڑتال میں شریک ہوئے جبکہ کاروباری تنظیموں نے اس کی شرکت کو مختلف علاقوں اور شعبوں میں محدود قرار دیا۔