پاکستان برسوں سے توانائی کے بحران کا شکار چلا آ رہا ہے۔ بجلی کے حوالے سے دیکھا جائے تو لوڈشیڈنگ آج بھی ہو رہی ہے ‘بجلی کی قیمتیں بھی مسلسل بڑھ رہی ہیں جب کہ بجلی کے استعمال میں بھی ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہوتا جا رہا ہے حالانکہ عوام کی ایک خاصی بڑی تعداد شمسی توانائی کا استعمال بھی کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان کو زیادہ بجلی چاہیے اور سستی بھی چاہیے۔اب اس حوالے سے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے‘ وہ یہ ہے کہ میانوالی میں چشمہ 5نیو کلیئر پاور پلانٹ کے ڈوم کی تنصیب عمل میں آ گئی ہے۔
اگلے روز پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ سی فائیو (C-5) کے ڈوم کی کامیاب تنصیب کے ساتھ منصوبے کی تعمیر کا آغاز کر دیا۔ یوںپاکستان نے ایک اہم سنگ میل عبور کر لیا ہے۔وزیراعظم پاکستان اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے جب کہ چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر،عوامی جمہوریہ چین کے حکام اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ عہدیداران و نمائندگان بھی موجود تھے۔وزیراعظم پاکستان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چشمہ 5 نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ڈوم کی تنصیب کو قابل فخر سنگ میل قرار دیا اور کہا چین کے تعاون سے یہ سنگ میل حاصل کیاگیا ہے،یہ منصوبہ پاک چائینہ لازوال دوستی اور مشترکہ عزم کی علامت ہے ۔
یہ منصوبہ پاکستان کو صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی فراہم کرنے کے ساتھ توانائی کے تحفظ اور معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم پاکستان کا یہ کہنا درست ہے کہ پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط، توانائی کے شعبے میں خودکفیل اور ماحول دوست ملک بنانے کے لیے اپنے وسائل اور انسانی سرمائے سے بھرپور استفادہ کرنا ہوگاکیونکہ جب تک کوئی ملک خود کوشش نہیں کرتا‘ دوستوں کا تعاون بھی لاحاصل رہتا ہے۔پاکستان میں برسراقتدار آنے والی ماضی کی حکومتیں بھی خود انحصاری کے راستے پر چلتیں تو آج پاکستان کے پاس کئی آبی ڈیم ہوتے ‘ریلوے جدید خطوط پر استوار ہو چکی ہوتی جب کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں روڈ اور ریل نیٹ ورک قائم ہو چکا ہوتا۔بہرحال دیر آید درست آید اب بھی اگر کوشش کی جائے تو کامیابیاں قدم چوم سکتی ہیں۔
چشمہ 5نیو کلیئر پاور پلانٹ پاکستان کا سب سے بڑا نیوکلیئر پاور پلانٹ ہے جو چین کے تعاون سے تعمیر کیا جا رہا ہے،دلچسپ بات یہ ہے کہ جولائی 2023 میں اس مقام پر اس اہم منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا گیا تو اس تقریب میں بھی میاں محمد شہباز شریف شریک تھے۔ حالیہ تقریب سے خطاب کے دوران انھوں نے اس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت انھوں نے پورے یقین کے ساتھ کہا تھا کہ پاکستان کسی کا انتظار نہیں کرے گا بلکہ اپنی محنت اور انتھک کوششوں کے ذریعے اپنا مستقبل خود تعمیر کرے گا،آج ساڑھے تین سال سے بھی کم عرصے میں مقررہ وقت سے پہلے ڈوم کی تنصیب اس عزم کی عملی عکاسی ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی خدمات کو سراہا اور انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ یہ منصوبہ ان شاء اللہ مقررہ وقت سے پہلے فعال ہو جائے گا۔انھوں نے کہا کہ بظاہر یہ منصوبہ اسٹیل اور کنکریٹ کی تعمیرات پر مشتمل ہے لیکن پاکستان کے عوام کے لیے یہ صاف، قابل اعتماد اور سستی بجلی کی فراہمی کی ضمانت ہے، ایسی بجلی جو درآمدی ایندھن کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر نہ ہو جس کی پیداوار سورج کی روشنی یا ہوا کی دستیابی سے مشروط نہ ہو بلکہ رات بھر فیکٹریوں کو رواں رکھے، اسپتالوں میں بجلی کی فراہمی یقینی بنائے اور طلبہ کو روشنی میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع فراہم کرے، انھوں نے امید ظاہر کی کہ یہ منصوبہ جلد خوابوں کو امید اور امید کو حقیقت میں بدل دے گا۔پاکستان کی معاشی ترقی کی راہ میں سب سے بڑا چیلنج مہنگی توانائی ہے۔
صنعت سے لے کر زراعت تک مہنگی توانائی کے اثرات مرتب ہو رہے ہیں ۔ کسان کی طرف دیکھیں تو اس کی فی ایکڑ پیداواری لاگت بہت زیادہ بڑھ چکی ہے۔ اس کی ایک بڑی وجہ مہنگی بجلی بھی ہے۔ پانچ سے دس بارہ ایکڑ رقبے کی کاشت کرنے والے کاشتکار کو اگر پانی میسر نہیں ہے تو اسے ٹیوب ویل کا پانی خریدنا پڑتا ہے۔ اگر بجلی سستی ہو تو اسے پانی کی مد میں خاصا فائدہ ہو سکتا ہے۔ اسی طرح زرعی اجناس اور بیج وغیرہ تیار کرنے والی صنعتوں کی طرف دیکھیں تو انھیں بھی بجلی کی مد میں بہت زیادہ اخراجات کرنے پڑتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ پیٹرولیم مصنوعات اور گیس کی قیمتیں بھی بہت زیادہ ہیں۔ اگر پاکستان کے پاس ایٹمی بجلی وافر پیدا ہونی شروع ہوجائے اور ٹرانسمیشن لائنیں درست ہوں تو پاکستان کا تیل اور گیس پر انحصار کم ہو سکتا ہے۔ اس سے زرعی اور صنعتی شعبے میں بھی پیداواری لاگت میں کمی آئے گی ‘یوں کاروباری سرگرمیوں میں بھی تیزی آئے گی ‘معاشی ترقی کی رفتار بڑھے گی اور روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔لیکن اس کے لیے شرط محنت اور لگن سے کام کرنے کی ہے۔
یہ ایک مسلمہ حقیقت ہے کہ کوئی بھی قوم اپنے حال کو محفوظ بنائے بغیر خوشحال مستقبل تعمیر نہیں کر سکتی، پاکستان کی ترقی کی بنیاد وہ امن اور استحکام ہے ۔ پاکستان اپنے معاشی اہداف اسی وقت حاصل کر سکتا ہے جب وہ توانائی میں خود کفیل ہو جائے گا۔اگر ایسا ہو جائے تو پاکستان غیر ملکی سرمایہ کاروں کو اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرنے پر راغب کرسکتا ہے ۔وزیراعظم پاکستان نے ملکی معیشت کی بحالی اور سماجی و اقتصادی ترقی کے مشترکہ اقدامات میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی فعال اور ثابت قدم حمایت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیاہے۔انھوں نے کہا کہ آج کا دن اپنے آہنی دوست عوامی جمہوریہ چین کو خراج تحسین پیش کیے بغیر مکمل نہیں ہو سکتا، چشمہ-5 پاکستان میں چین کے تعاون سے تعمیر ہونے والا ساتواں نیوکلیئر پاور یونٹ ہے، ان میں سے ہر منصوبہ ایسی دوستی کا زندہ ثبوت ہے جو مشکل ترین حالات اور خوشحالی کے ادوار میں بھی کبھی متزلزل نہیں ہوئی۔
انھوں نے پاکستان اور چین کی دوستی کو ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری، شہد سے میٹھی اور سونے و ہیرے سے زیادہ قیمتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دوستی اسٹیل سے بھی زیادہ مضبوط ہے حتیٰ کہ اس ڈوم کو جوڑنے والے اسٹیل سے بھی زیادہ مضبوط ہے،وزیراعظم کے یہ جملے ظاہر کرتے ہیں کہ وہ چین کو کس قدر اہمیت دیتے ہیں ‘اس کے ساتھ ساتھ یہ بھی بات واضح ہے کہ پاکستان کی قیادت متحد ہو کر ترقی کے سفر پر چل رہی ہے۔ اس موقع پر پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین نے اپنے ابتدائی کلمات میں کہا کہ جوہری توانائی پاکستان کی توانائی سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے،چشمہ فائیو نیوکلیئر پاور پلانٹ کی بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت 1,200 میگاواٹ ہوگی اور توقع ہے کہ یہ منصوبہ ستمبر 2030 میں بجلی کی پیداوار شروع کر دے گا۔
ایٹمی بجلی کا سب سے مثبت پہلو یہ ہے کہ یہ صاف، قابل اعتماد اور سستی ہوتی ہے۔ دنیا کے ترقی یافتہ ممالک اسی بجلی کو استعمال کر رہے ہیں۔ پاکستان کوبھی معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے توانائی کے شعبے میں خودکفیل ہونا پڑے گا اورپاکستان کو ماحول دوست ملک بنانے کے لیے اپنے وسائل اور انسانی سرمائے سے بھی بھرپور استفادہ کرنا ہوگا۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن نے چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ سی فائیو (C-5) کے ڈوم کی کامیاب تنصیب پاکستان اور چین کے انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور کارکنوں کی محنت کی وجہ سے ہوئی ہے۔ موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والے ملک کی حیثیت سے پاکستان کی خصوصی ذمے داری ہے کہ توانائی کے ایسے حل اختیار کرے جو معاشی مقاصد کے حصول کے ساتھ ماحول کا تحفظ بھی یقینی بنائیں۔یہ منصوبہ جلد خوابوں کو امید اور امید کو حقیقت میں بدل دے گا،کوئی بھی قوم اپنے حال کو محفوظ بنائے بغیر خوشحال مستقبل تعمیر نہیں کر سکتی۔پاکستان اپنے معاشی اہداف حاصل کرنے، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور اعتماد کے ساتھ ترقی کی رفتار تیز کرنے کے قابل ہو رہا ہے۔
ہماری بنیادی ذمے داری ہے کہ ہم دستیاب وسائل، ٹیکنالوجی اور ہر شہری کی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ایسا پاکستان تعمیر کریں جس کا خواب قائداعظم نے دیکھا تھا، ایسا پاکستان جو معاشی طور پر غالب، توانائی کے شعبے میں خودمختار اور ماحولیاتی اعتبار سے مضبوط ہو۔ چشمہ-5 پاکستان اور چین کی دوستی اور ایک خوشحال، پْرامن اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کے مشترکہ عزم کی دیرپا علامت بنے گا۔ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین نے کہا کہ جوہری توانائی پاکستان کی توانائی سلامتی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔موجودہ حکومت جب سے برسراقتدار آئی ہے‘ اس کی سب سے بڑی توجہ معیشت کی بحالی پر رہی ہے۔ تین سال پہلے تک پاکستان کی معیشت کی حالت انتہائی خراب تھی بلکہ یہاں تک کہا جا رہا تھا کہ پاکستان خدانخواستہ دیوالیہ ہو جائے گا۔ موجودہ حکومت کے معاشی منصوبہ سازوں اور ماہرین نے درست سمت میں کام کیا ہے۔
پاکستان کے لیے سب سے پہلا کام عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ اعتماد کا رشتہ بحال کرنا تھا ،وہ رشتہ بحال ہو چکا ہے۔ اب اگلی منزل معاشی خود انحصاری کی ہے۔ یہ خود انحصاری حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے پالیسی سازوں کو کثیر الجہتی کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دہشت گردی کا خاتمہ بھی ترقی کرنے کے لیے انتہائی ضروری ہے جب کہ توانائی میں خود کفالت حاصل کرنے کے لیے بھی انتھک محنت اور جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔