ایل پی جی اور غریب کا چولہا

پاکستان میں ایل پی جی ان خاندانوں کے لیے زندگی کی بنیادی ضرورت ہے جن کے گھروں تک قدرتی گیس کی پائپ لائن نہیں پہنچتی



ملک بھر کے اکثر غریب گھرانوں میں اکثر اوقات اسی قسم کے مناظر ہوتے ہیں، جہاں بھی گیس کا سلنڈر استعمال کیا جاتا ہے ایل پی جی سلنڈر چاہے سرکاری قیمت پر خریدا جا رہا ہو یا زائد رقم ادا کرکے خریدی جا رہا ہو، منظر ایک جیسا ہی ہوتا ہے۔ ایک چھوٹے سے گھر میں ماں خالی سلنڈر کے پاس بیٹھی ہوتی ہے اورپھر وہ خالی سلنڈر باپ کے ہاتھ میں جاتا ہے۔ جیب میں ہاتھ ڈالا چند نوٹ نکلے بھاگا بھاگا دکان پر پہنچا۔ دکان دار نے پہلے سے زیادہ قیمت بتائی۔ اکثر خریدار یہی کہتے ہیں کہ حکومتی ریٹ کم ہے۔ آپ زیادہ کیوں لے رہے ہیں؟

 پاکستان میں ایل پی جی ان خاندانوں کے لیے زندگی کی بنیادی ضرورت ہے جن کے گھروں تک قدرتی گیس کی پائپ لائن نہیں پہنچتی۔ پہاڑی علاقوں سے لے کر بلوچستان، سندھ کے بہت سے علاقے، لاہور،کراچی، خوشاب، تھل ، سون سکیسر ، سکھر، پشاور کے نواحی علاقے، سوات کے پہاڑی علاقے اور کہاں کہاں، وہاں وہاں جہاں قدرتی گیس کی پائپ لائن نہیں پہنچتی۔

ان علاقوں کے لاکھوں گھرانے اسی ایندھن پر کھانا پکاتے ہیں۔ ایل پی جی اب روٹی پکانے، بھوک مٹانے، سالن بنانے کا ذریعہ ہے اور شدید ترین ضرورت بن چکی ہے اور جب یہی ضرورت منافع خوروں، قلت پیدا کرنے والوں، سرکاری نرخوں کو مسترد کرنے والوں اور مافیا والوں کی طرف سے قیمت کے جھمیلے میں گھر جائے تو غریب کا چولہا سب سے زیادہ متاثر ہوتا ہے۔ رکشے والے کی آمدنی پر ڈاکا پڑجاتا ہے۔ سموسے بیچنے والے کا منافع گھٹ جاتا ہے۔ آخر اس ملک میں غریب جائیں توکہاں جائیں؟

 پاکستان میں ایل پی جی کی موجودہ قلت اور 600 روپے فی کلو کی فروخت کو سامنے رکھتے ہیں تو ایک بہت اہم شماریاتی اعداد و شمار سامنے آتا ہے چونکہ یہ کالم معاشی اور شماریاتی دونوں کا احاطہ کرتا ہے تو ایک محتاط اندازہ لگانا ضروری ہے کہ صارف کی جیب سے روزانہ کتنی اضافی رقم نکل سکتی ہے۔ کئی رپورٹوں کو یکجا کریں تو معلوم ہوتا ہے کہ پاکستان میں روزانہ تقریباً 700 ٹن ایل پی جی کی ضرورت ہوتی ہے یعنی 70لاکھ کو روزانہ اس میں کمی بیشی بھی ہوسکتی ہے، اس لیے اسے حتمی عدد مانے بغیر بھی حساب کتاب کرنے میں تو 600 روپے فی کلو کے حساب سے 70لاکھ کلو کی قیمت 420کروڑ روپے بنتی ہے۔

سرکاری نرخ 294.08 روپے فی کلو کے حساب سے یہ رقم 205.86 کروڑ روپے بنتی ہے۔ روزانہ اضافہ ادائیگی 214.14 کروڑ روپے ہے یعنی روز غریب عوام، رکشے والے، ہوٹل والے، ریڑھی والے، چپس بنانے والے، مزدورکی دیہاڑی سے،کلرک کی تنخواہ سے، پینشنرز کی جیب سے اتنے پیسے کٹتے ہیں کہ سب کی مجموعی رقم 2ارب 14کروڑ 14لاکھ روپے بنتی ہے۔ یہ ایک مفروضہ ہے کہ سرکاری نرخ کے مقابلے میں 600روپے فی کلو اور 70لاکھ کلو کے حساب سے عوام کی جیب پر روزانہ ڈاکا پڑرہا ہے۔ اب یہ رقم کون اڑا کر لے جارہا ہے۔ آیندہ چل کر ہوسکتا ہے یہ قیمت 700 روپے سے زائد بھی ہوسکتی ہے کیونکہ 3 نومبر کو حکومت کی جانب سے یہ بتایا گیا کہ درآمد شدہ ایل پی جی کی درآمدی قیمت دیگر اخراجات ملاکر  450روپے سے 500 روپے فی کلو پڑسکتی ہے۔

اب اس میں تقسیم، ٹرانسپورٹ، دکاندارکے اخراجات اور دیگر اخراجات کو شامل کرتے ہیں تو قیمت میں مزید اضافے کے امکانات ہیں۔ بشرطیکہ حکومت ان عناصر کوکنٹرول کرلے جو قیمت میں اضافے کا باعث بن رہے ہیں۔ اس وقت حکومت یہ کر رہی ہے کہ مافیا کا دور ختم ہوچکا پھر 294 روپے فی کلو کے بجائے کہیں 580روپے، کہیں 600اور 650روپے فی کلو وصول کی جارہی ہے؟ اب یہاں پر صرف مافیا کو بھی قصور وار نہیں ٹھہرا سکتے جب تک کہ حکومت ایک صاف و شفاف فرانزک آڈٹ رپورٹ کرا نہ لے جس میں حکومتی نرخ سے لے کر آخری صارف تک فی کلو کس قیمت پر پہنچ رہی ہے اور اس میں کون سے افراد ملوث ہیں۔ ان تمام تفصیلات کے شائع ہونے کے بعد ہی کسی ایک یا کئی لوگوں کے نام سامنے آسکتے ہیں، لہٰذا ہمیں محتاط رویہ اختیار کرنا ہوگا۔

اب یہاں پر یہ معلومات بھی نہیں ہیں۔ 70لاکھ کلو یا ہوسکتا ہے کہ65لاکھ یا60 لاکھ کلو اگر ٹیکس کی خریداری ہے تو اس کا ریکارڈ کہاں ہے۔ درآمد کنندگان فی کلو کتنے روپے کما رہا ہے ۔ مارکیٹنگ کمپنی اور ڈسٹری بیوٹر کا منافع کتنا ہے؟ سرکاری نرخ سے دگنی قیمت وصول کرنے والوں کے خلاف کیا کارروائی ہوئی، اس میں مافیاز کا حقیقی کردار کتنا ہے۔ تمام معلومات ہونا چاہیے۔

اس سلسلے میں حکومت کی طرف سے اتنا اعلان کافی نہیں کہ مافیا کا کردار ختم کردیا جائے گا۔ جو کوئی بھی قیمت کے بڑھنے کے ذمے دار ہیں ان سب کے خلاف کیا کارروائی ہوئی، ابھی تک حکومت نے عوام کو لٹنے سے بچانے کے لیے کیا کردار ادا کیا؟ آخر یہ کون لوگ ہیں جب چاہیں ملک میں LPGکی قلت پیدا کردیتے ہیں، اگر یہ بات درست مان لی جائے کہ روزانہ غریب کی جیب سے 2 ارب روپے اضافی وصول کیے جا رہے ہیں اب یہ دو ارب کیسے کیسے تقسیم ہورہے ہیں حکومت اگر بجلی پٹرول یہاں تک کہ پانی کی فراہمی کے سلسلے میں شفاف تجارتی نظام قائم کرسکتی ہے تو کیا وجہ ہے کہ ایل پی جی کی درآمد ذخیرہ، ترسیل اور فروخت کا ایسا انتظام کیوں نہیں بنا سکتی کہ منافع حکومتی کرائے میں جائے اور وہاں سے حکومتی اخراجات عوامی ریلیف اور توانائی کے ترقیاتی منصوبوں پر رقم خرچ کی جائے۔ وقت آگیا ہے کہ اس اہم عوامی ضرورت کی تجارت کو چند ہاتھوں کی اجارہ داری سے نکال کر قومی عوامی اور حکومتی مفاد کے ساتھ جوڑا جائے تاکہ غریب کا چولہا جلتا رہے۔