ہم تمام تر معاشی ترقی کے دعوؤں کے باوجود معاشی بحران کا شکار ہیں ۔اس معاشی بدحالی کا براہ راست اثر ملک کے عوام بالخصوص کمزور طبقات پر مزید معاشی استحصال کی صورت میں پڑتا ہے۔اگرچہ حکومت سے جڑے معاشی ماہرین یا تجزیہ نگار ملک کی معیشت میں بہتری کی تصویر پیش کرکے سرکاری مقدمہ پیش کرتے ہیں۔لیکن حکومت کے معاشی مقدمہ میں اور عوام کے مقدمہ میں گہری خلیج بداعتمادی کی ہے جو حکومتی مقدمہ کو اور زیادہ کمزور کرنے کا سبب بنتی ہے۔
حال ہی میں ایک معاشی رپورٹ ’’ورلڈ ان ایکوئلیٹی ڈیٹا بیس‘‘ پاکستان میں آمدنی کی تقسیم و غربت سے متعلق اعداد وشمار جاری کیے گئے ہیں۔ ان اعداد وشمار کے مطابق پاکستان میں ماہانہ1.21لاکھ روپے کمانے والے امیر ترین دس فیصد طبقہ میں شامل ،نوے فیصد کی آمدنی اس سے کم ہے۔ماہانہ کی بنیاد پر 1.89لاکھ کمانے والے زیادہ آمدنی والے پانچ فیصد طبقہ میں شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق5.76 کروڑ سے زائد پاکستانی جو مجموعی آبادی کا 23فیصد ہیں، کی یومیہ آمدنی تین ڈالر یعنی 831روپے سے بھی کم ہے۔12کروڑ سے زیادہ پاکستانی جو ملکی آبادی کاعملا سنتالیس فیصد ہیں،کی یومیہ آمدنی 4.20ڈالر یا1176روپے سے کم ہے۔21.88کڑور افراد کی یومیہ آمدنی 8.30ڈالریا2300 روپے سے کم ہے۔ رپورٹ کے مطابق دیہی علاقوں غربت کی شرح سب سے زیادہ56.4فیصد جب کہ شہری علاقوں میں34.4فیصد ہے۔
اس کی وجوہات میں مہنگائی، معاشی سست روی اور آمدنی میں کمی کو غربت کی بڑی وجوہات قرار دیا گیا ہے جب کہ خوراک،توانائی خصوصاً بجلی ،گیس کی بڑھتی قیمتوں کو گھریلو بجٹ پر اضافی دباو قرار دیا گیا ہے جس سے کم آمدنی والے گھرانوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہورہا ہے۔ اسی طرح ہارورڈ یونیورسٹی میں پاکستان کے حوالے سے منعقدہ From potential to Performance میں ملک کی معاشی صورتحال پر ماہرین معاشیات کی سخت تنقید نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔نوبل انعام یافتہ ماہر معاشیات پروفیسرڈیرون عجم اوغلو نے پاکستان کی معیشت کو گذشتہ تین دہائیوں سے جمود کا شکار قرار دیتے ہوئے کہا کہ کمزور ادارے،تعلیم پر ناکافی سرمایہ کاری اور ٹیکس وصولیوں کی کم شرح ملک کی معاشی پس ماندگی کی بنیادی وجوہات ہیں۔ان کے مطابق مصنوعی ذہانت کے تیزی سے بدلتے عالمی منظرنامے میں پاکستان ڈیجیٹل سطح پر موجود انفراسٹرکچر کی کمی کے باعث مزید پیچھے رہ جانے کے خطرے سے دوچار ہے۔
عالمی ماہر معاشیات پروفیسر عاطف میاں کے بقول پاکستان میں اسٹرٹیجک وثرن کی کمی،اشرافیہ کی بالادستی،غیر مساوی معاشی ترقی اور داخلی امن کے قیام کی ناکامی کو بنیادی مسائل قرار دیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے توانائی بحران پر قابو پانے کے لیے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو بجلی پر منتقل کرسکتا ہے تاہم طاقت ور مفاداتی گروپ اس میں رکاوٹ ہے۔ ایک رپورٹ کے مطابق ورلڈ بینک نے دنیا میں غربت کے تین درجے بنائے ہیں۔اول تین ڈالر روزانہ کمانے والا تقریبا25ہزار ماہانہ کمانے والاانتہائی غریب، دوئم 4.20ڈالر روزانہ یعنی35ہزار ماہانہ لوئر انکم لائن،سوئم 8.30ڈالر روزانہ یعنی70 ہزار ماہانہ اپر انکم لائن میں آتا ہے۔اسی طرح ورلڈ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انتہائی غریب افراد کی تعداد پانچ کروڑ 76لاکھ ہے جن کی ماہانہ آمدنی 25ہزار سے کم ہے،جب کہ 12کروڑ غریب افرادصرف 35ہزار ماہانہ کماتے ہیں۔ پچھلے کچھ عرصہ میں جس طرح سے پاکستان کی مڈل کلاس سکڑ گئی ہے اس پر بھی مڈل کلاس طبقہ میں معاشی پریشانی نمایاں ہے اور بالخصوص آمدنی و اخراجات میں بڑھتا ہوا عدم توازن اہم مسئلہ بن گیا ہے۔پاکستان کی سیاسی اشرافیہ جس طرح سے طبقاتی بنیادوں پر لوگوں کا معاشی استحصال کررہا ہے۔
اس نے معاشی محرومی کی سیاست کو اور زیادہ بدنما کردیا ہے۔یہ وہ کہانی ہے جس کے اردگرد پاکستان کی معاشی کہانی گھوم رہی ہے۔یہ دو طبقہ کی لڑائی ہے جس میں ایک خوشحال طبقہ ہے اور دوسرا کمزور اور محروم طبقہ کے درمیان جاری جنگ ہے۔اس جنگ میں طاقت ور طبقات نے عام آدمی کی زندگی کو مشکل بنادیا ہے۔اگرچہ اس وقت پوری عالمی دنیا میں معیشت کا بحران ہے اور پوری دنیا اس بحران سے متاثر ہوئی ہے لیکن ہمارے جیسے کمزور ملکوں کی معیشت کو زیادہ مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ایسے لگتا ہے کہ دنیا کے طاقت ور ممالک سمیت چھوٹے ملک بھی جنگوں اور سیکیورٹی کے تناظر میں پھنس کر رہ گئے ہیں۔وہ اپنے بجٹ کا ایک بڑا حصہ انسانی ترقی کی سرمایہ کاری کی بجائے جنگوں اور ہتھیار کی سیاست پر خرچ کررہے ہیں۔اس سوچ اور فکرکے ساتھ نہ صرف ہمارے جیسے ملکوں میں انسانی ترقی کا عمل متاثر ہوتا ہے بلکہ ہم جنگوں اور تنازعات کی سیاست میں بھی الجھ کر رہ گئے ہیں۔ہمارے یہاں دو طرح کے معاشی امور کے ماہرین ہیں۔ اول وہ جو ریاست اور حکمران سمیت طاقت ور طبقات کی نمائندگی کرتے ہیں۔
دوئم وہ معاشی ماہرین جو عوامی مفادات کو پیش نظر رکھ کر اپنا نقطہ نظر پیش کرتے ہیں اور ان کے تجزیہ میں انسانی ترقی بنیادی نقطہ ہوتا ہے۔یہ ماہرین طاقت ور طبقات کے مفادات کے برعکس علمی بنیادوں پر اپنا کام کرتے ہیں لیکن ان کا مسئلہ یہ ہے کہ اس طرح کے معاشی ماہرین کی رسائی ریاست اور حکمران طبقات میں کم دیکھنے کو ملتی ہے۔اسی طرح ہم انسانی ترقی کے عمل میں لوگوں کی معاشی خود کفالت پر کم توجہ دیتے ہیں اور ان کو حکومتی نظام پر بوجھ بنا کر یا خیراتی نظام کے تحت ان کو چلانے کی کوشش کرتے ہیں۔یہ ہی وجہ ہے کمزور طبقات کی معیشت کے تناظر میں ہم نے داخلی اور خارجی سطح پر ان کی ترقی کی بنیاد پر جو اہداف مقرر کیے ہوئے ہیں اس میں نہ صرف ہمیں ناکامی ہے بلکہ ہم دنیا سمیت جنوبی ایشیا میں بھی پیچھے کھڑے نظر آتے ہیں۔ہمارا سارا معاشی نظام کا سائیکل عام آدمی کے معاشی مفادات کے برعکس ہے ۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کیا ہم پاکستان میں موجودہ معاشی منظر نامہ بدلتے ہوئے دیکھ سکیں گے یا یہاں عام آدمی یا کمزور طبقات کی معاشی ترقی کا عمل ممکن ہوسکے گا۔یہ وہ چیلنج ہے جو پاکستان کی حکومت کو درپیش ہے۔کیونکہ ہم اپنی سیاست اور عالمی سطح پر موجود تعلقات کی بنیاد پر خود کو معاشی ترقی یا سرمایہ کاری کے نئے امکانات سے نہیں جوڑ پا رہے۔یہ ہی وجہ ہے کہ ہم خارجہ پالیسی کی ترقی پر بات تو کررہے ہیں لیکن اپنے کئی سنگین داخلی مسائل کے باعث عالمی معیشت کی ترقی سے خود کو جوڑ نہیں پا رہے۔کیونکہ ایک تو ہماری داخلی معیشت اور سیاست کے تضادات بہت گہرے ہیں اور سیاسی و معاشی ترقی کے مقابلے میں ہماری پالیسیاں یا طرز عمل اس کے برعکس ہے یا ہم واقعی معاشی ترقی کے عمل کو ایک محضوص طبقہ تک محدود رکھنا چاہتے ہیں۔ اصل میں اگر ہم نے عام آدمی یا کمزور طبقات کی خوشحالی کی بنیاد پر اپنی معاشی ترقی کا نظام چلانا ہے تو موجودہ معاشی اور گورننس کے نظام کی بنیاد پر یہ ممکن نہیں۔اس لیے موجودہ نظام تو اپنے اندر بڑے پیمانے پر اصلاحات چاہتا ہے۔لیکن المیہ یہ ہے کہ ہمارے حکمران طبقات اس کے لیے تیار نہیں ہیں۔حالانکہ آئی ایم ایف جیسے ادارے بھی بار بار ہمیں اصلاحات کا درس دے رہے ہیں لیکن ہم مسلسل اس میں ٹال مٹول کررہے ہیں۔
جب ہم معیشت کو صرف اور صرف معاشی تنہائی میں دیکھیں گے اور اس کو سیاسی معیشت یا سیاسی استحکام سمیت عام آدمی کی ترقی سے جوڑ کر نہیں دیکھیں گے تو یہ جو ملکی سطح کے اعداد وشمار کی کہانی میں ہمارا معاشی مقدمہ کمزور ہے اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔بلکہ روائتی طرز معیشت اور گورننس کا نظام داخلی نظام کو اور زیادہ متاثر کرے گا۔یہ جو پاکستان میں ہمیں سیاسی اور معاشی انتشار کی مختلف شکلیں دیکھنے کو مل رہی ہیں اس کی وجہ بھی مجموعی طور پر ملکی بگڑتی معیشت اور اس کی درست سمت کا نہ ہونا ہے۔پاکستان میں سیاسی تحریکوں میں اب وہ دم خم نہیں رہا اور سیاسی جماعتیں بھی ماضی کے مقابلے میں کمزور ہیں اور سول سوسائٹی سمیت متبادل آوازوں کی کمزوری نے بھی حکومت پر دباؤ کے عمل کو کمزور کیا ہے۔
اس لیے ہمیں کسی بھی سطح پر مزاحمت کے پہلو دیکھنے کو نہیں مل رہے۔اسی وجہ سے نہ ہمارا معاشی منظر نامہ تبدیل ہو رہا ہے اور نہ ہی عام لوگوں کی حالت بدل رہی ہے۔یہ منظر نامہ حکومت اور عوام کے درمیان خلیج کو بڑھا رہا ہے جس سے ایک دوسرے کے بارے میں ہمیں بداعتمادی کے مختلف پہلو بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ لیکن سوال یہ ہے کہ یہ مروجہ نظام جو محرومی اوراستحصال پر مبنی ہے اس سے ہم نجات حاصل کرسکیں گے یا نہیں۔ اسی سوال کا جواب تلاش کرکے ہم مستبقل کی منصوبہ بندی کی طرف پیش قدمی کرسکتے ہیں،لیکن اگر ایسا نہیں ہوتا تو اس ملک میں معیشت کی کہانی کا مسئلہ آج بھی چلے گا اور آگے بھی چلتا رہے گا۔