انسانیت کا حسن، وقار اور شرف صرف اخلاقی اقدار، حیا، وضع داری اور احترامِ آدمیت میں مدفون و محفوظ ہے۔ جب تک یہ اوصاف اور اقدار انسانی معاشرے میں زندہ رہتے ہیں، انسان ایک دوسرے کی ڈھال بنتا ہے، رشتے پاکیزگی کا مظہر ہوتے ہیں اور بات سیاست تک چلی جائے تو یہ اوصاف اور اقتدار خدمت خلق کا ذریعہ و منبع بنتا ہے۔ لیکن جب سیاست ان مقدس اقدار سے عاری اور اخلاقیات کی قبا اتار دیتی ہے تو معاشرہ ایک ایسے تعفن زدہ، گندے اور غلیظ زہریلے دلدل کا روپ دھار لیتا ہے جہاں انسانی اقدار کی سانسیں گھٹنے لگتی ہیں۔
میرے گھر سے قومی اسمبلی کے تین الیکشن لڑے جاچکے ہیں میں ذاتی تجربے کی بنیاد پر کہتا ہوں کہ ہماری سیاست اور اخلاقی قدریں روبہ زوال ہیں مگر آج پاکستان کا تعفن زدہ سیاسی منظرنامہ اسی نظریاتی، فکری اور اخلاقی انحطاط کی بھیانک تصویر بن چکا ہے، یوں محسوس ہوتا ہے جیسے انسانوں کے اس جنگل سے عزت و احترام کا عنصر پرواز کر چکا ہے اور ہر بندا دوسرے کو کہتا پھر رہا ہے کہ "کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے" جس معاشرے میں کبھی عزت و وقار، وضع داری، ایک دوسرے کا احترام و اکرام ہوا کرتا تھا، وہاں اب بدزبانی، تذلیل، الزام تراشی، پگڑیاں اچھالنا، گالم گلوچ، جھوٹ اور بہتان تراشی کو سیاسی حکمتِ عملی اور کامیابی کی دلیل بنا کر پیش کیا جاتا ہے۔
تعلقات جو کبھی محبت، خلوص اور باہمی ہمدردی کی محکم بنیادوں پر استوار ہوتے تھے، اب منافقت کے بدبودار غلاف میں لپٹی ہوئی سودے بازی سے مشروط ہیں۔ ہر رشتہ، ہر دوستی، ہر اتحاد اور ہر نظریاتی و سیاسی وابستگی ذاتی، خاندانی یا گروہی مفادات کے تنگ و تاریک دائرے میں گھومتی ہے۔ اس دائرے کے اندر دوستی کے نعرے مگر جیسے ہی مفادات کا یہ دائرہ ٹوٹتا یا ضرورت ختم ہو جائے تو برسوں کی قربت، تعلق اور احسانات کو ایک ہی لمحے میں فراموش کر دیا جاتا ہے۔
باپ کو گدھا اور گدھے کو باپ بنانے کا سنا تھا آج سیاسی اکھاڑے میں مشاہدہ کر رہے ہیں، احسان مندی انسانی روح کا انتہائی لطیف، خوبصورت اور پاکیزہ جذبہ، غلیظ سیاست کے دور میں احسان فراموشی اور نمک حرامی کی نذر ہو چکی ہیں۔ جن ہاتھوں نے کل سہارا دیا تھا جن لوگوں نے اقتدار کی راہیں ہموار کی تھیں اور جن کا کندھا استعمال کر کے ایوانوں تک رسائی حاصل کی گئی تھی، جو کل سیاسی رہبر تھے آج اقتدار اور ہوس کے اس کھیل میں انھی ہاتھوں کو کاٹنے اور انھی کندھوں پر چھرا گھونپنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ یہ وہ بدبو دار فضا ہے جس نے انسانی جسم اور روح دونوں کو تعفن زدہ بدبودار غلاظت سے بھر دیا ہے۔
زوال اور انحطاط کا یہ عالم صرف سیاسی ایوانوں، جلسہ گاہوں یا ٹاک شوز تک محدود نہیں رہا بلکہ اس زہریلی سیاست نے ان باطنی، دینی اور روحانی نسبتوں کو بھی ڈس لیا ہے جو اس تباہ حال معاشرے کا آخری ملجا اور پناہ گاہ ہوا کرتی تھیں۔ مرشد اور مرید، پیر اور عقیدت مند، استاد اور شاگرد، رہبر اور پیروکار کے وہ تمام مقدس اور لطیف رشتے جو کسی دور میں تزکیہ نفس اور اصلاحِ احوال کی علامت سمجھے جاتے تھے، وہ بھی اب سیاسی مفادات کی بھینٹ چڑھ کر تلخیوں، نفرتوں اور شدید کدورتوں سے بھر چکے ہیں۔
جب باطنی اور روحانی نسبتیں اور منبر رسولﷺ کے ورثا، مساجد و مدارس بھی سیاسی سودے بازی سے محفوظ نہ رہے تو پھر پورے معاشرے میں کوئی جگہ باقی نہیں بچتی جہاں انسان امن اور سکون کا سانس لے سکے۔ یہ سیاسی اخلاقی زوال اس حقیقت کا واضح ثبوت ہے کہ جب نیتوں میں کھوٹ اور کردار میں منافقت سرائیت کر جائے تو مقدس ترین رشتے بھی تعفن زدہ ہو کر تباہ ہو جاتے ہیں۔ اس بظاہر جمہوریت، قانون کی بالادستی اور عوامی نمائندگی کا دلکش سوانگ رچانے والی دنیا پر چند مخصوص طاقتور خاندان، اشرافیائی ٹولے اور زہریلے طبقے قابض ہیںجو اندر ہی اندر پورے شجر کو چاٹ کر کھوکھلا کر دیتے ہیں۔
یہ وہ مٹھی بھر طبقہ امرا ہے جو عوام کے خون، پسینے، ٹیکسوں اور قومی وسائل پر جونکوں کی طرح پلتا ہے اور پھر اسی عوام کو بھوک، افلاس، جہالت، بیماری اور ناانصافی کی دلدل میں دھکیل کر خود اقتدار کے ایوانوں اور شیش محلوں میں رہتاہے۔ ان کی تمام تر پالیسیاں، تقاریر، جذباتی نعرے اور منشور کے دلکش دعوے صرف عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے اور اپنے اقتدار کو دوام دینے کے لیے ہوتے ہیں۔ اس استحصالی کھیل میں ہر اصول کو پامال کرنا، ہر اخلاقی حد کو توڑنا، آئین و قانون کا مذاق اڑانا اور ہر مقدس رشتے کی تذلیل کرنا رواج و دستور بن چکا ہے۔
قرآنِ مجید اور احادیثِ مبارکہ میں اس قسم کی موقع پرستی، منافقت، اصول فروشی اور اقتدار کی اندھی ہوس کی شدید ترین مذمت کی گئی ہے اور اسے دنیا و آخرت کی مکمل تباہی کا سبب قرار دیا گیا ہے۔ اسلام نے سیاست کو فساد، لوٹ مار، ذاتی مفادات یا بادشاہت کا ذریعہ نہیں بنایا تھا بلکہ سیاستِ شرعیہ کا مقصد اقامتِ دین، عدل کا قیام، مظلوم کی دادرسی اور خلق خدا کی امانت و دیانت کے ساتھ خدمت کرنا تھا۔ اللہ تبارک وتعالیٰ کا سورہ النساء میں واضح ارشاد ہے کہ "اللہ تمہیں حکم دیتا ہے کہ امانتیں ان کے اہل کے سپرد کرو اور جب لوگوں کے درمیان فیصلہ کرو تو عدل و انصاف کے ساتھ کرو"۔ مگر آج پاکستان کے مروجہ سیاسی نظام میں امانت داری اور اہلیت کا تصور یکسر مفقود ہو چکا ہے۔
نااہل، بدعنوان اور مفاد پرستوں کا اقتدار پر مسلط ہو جانا ہی اس بات کا بین ثبوت ہے کہ امانتیں اپنے اصل حقداروں تک پہنچی نہیں۔ وجہ تخلیق کائنات سرور کونین خاتم النبیین حضرت محمد مصطفیﷺ نے اس دردناک کیفیت کی پیشگوئی صدیوں پہلے فرماتے ہوئے امت کو خبردار کیا تھا۔ صحیح بخاری کی روایت ہے کہ ایک دیہاتی نے آپﷺ سے قیامت کے بارے میں پوچھا تو آپﷺ نے ارشاد فرمایا کہ جب امانت ضایع کی جانے لگے تو قیامت کا انتظار کرو۔ اس نے عرض کیا کہ یا رسول اللہ! امانت کے ضایع ہونے کی کیا صورت ہوگی؟ آپﷺ نے فرمایا کہ جب معاملاتِ ریاست اور اقتدار نااہل لوگوں کے سپرد کر دیے جائیں۔
ایک اور مقام پر آپﷺ نے فرمایا کہ منافق کی تین نشانیاں ہیں، جب بات کرے تو جھوٹ بولے، جب وعدہ کرے تو وعدہ خلافی کرے اور جب اس کے پاس امانت رکھی جائے تو خیانت کرے۔ اگر جائزہ لیا جائے تو یہ تینوں اوصافِ سیاہ آج ہماری سیاست ‘معیشت اور باہمی تعلقات میں نظر آتے ہیں۔ عوام سے جلسوں اور منشور میں جھوٹے وعدے کرنا، الیکشن جیتنے اور اقتدار میں آنے کے بعد اپنے وعدوں سے انحراف کرنا آج سیاسی دستور اور کامیابی کی چابی بن چکا ہے۔
(جاری ہے)