سفارتی حل نہ نکلا تو تہران پر دباؤ برقرار رکھا جائے گا، جی سیون کا مشترکہ اعلامیہ

اعلامیے میں یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا


ویب ڈیسک November 12, 2026

جی سیون ممالک نے ایران کے جوہری پروگرام پر عالمی خدشات دور کرنے اور سفارتی حل تلاش کرنے پر زور دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مسئلے کا سفارتی حل نہ نکلنے کی صورت میں تہران پر دباؤ برقرار رکھا جائے گا۔

جی سیون کے جاری کردہ اعلامیے میں آبنائے ہرمز میں تجارتی جہازوں کی آزادانہ اور محفوظ آمدورفت یقینی بنانے کا مطالبہ بھی کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق فرانس اور برطانیہ کی قیادت میں آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت بحال کرنے کی کوششوں کی حمایت کی جائے گی۔

دوسری جانب جی سیون ممالک نے روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے جامع اور باہمی جنگ بندی پر زور دیا ہے۔ اعلامیے میں یوکرین کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا۔

جی سیون نے روس اور یوکرین پر توانائی کی تنصیبات اور بحیرہ اسود میں حملے روکنے پر بھی زور دیا ہے، جبکہ یورپ کی سلامتی کے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں یورپی ممالک کی شمولیت کو ضروری قرار دیا ہے۔