یوکرین جنگ ختم ہونے کے قریب؟ روسی مذاکرات کار نے امن معاہدے کو قریب قرار دے دیا

امریکی ثالثوں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان برقرار ہے اور اہم امور پر اختلافات موجود ہیں


ویب ڈیسک November 12, 2026

ماسکو/ابوظبی: روس کے یوکرین سے متعلق چیف مذاکرات کار ولادیمیر میڈنسکی نے کہا ہے کہ یوکرین جنگ کے خاتمے کے لیے امن معاہدہ اب پہلے سے زیادہ قریب دکھائی دیتا ہے۔ ان کے مطابق اب بہت کچھ یوکرین، امریکا اور یورپی ممالک کے کردار پر منحصر ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق میڈنسکی نے بدھ کو ابوظبی میں دو روزہ مذاکرات کے اختتام پر روسی سرکاری ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امن معاہدے کی راہ میں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم اس کا انحصار مذاکرات میں شامل تمام فریقوں کے رویے پر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بات چیت کا سلسلہ جاری رہے گا، تاہم روس کو سمجھ نہیں آتا کہ یورپی ممالک کو مذاکرات میں شامل کرنے کی ضرورت کیوں ہے۔ ان کا دعویٰ تھا کہ یورپی ممالک کی جانب سے اب تک کوئی ٹھوس امن تجویز پیش نہیں کی گئی۔

ابوظبی میں ہونے والے مذاکرات میں روس اور یوکرین کے نمائندوں نے بعض معاملات پر پیش رفت کی اطلاع دی، تاہم امریکی ثالثوں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان اعتماد کا فقدان برقرار ہے اور علاقائی معاملات سمیت اہم امور پر اختلافات موجود ہیں۔

یوکرین کے چیف مذاکرات کار رستم عمروف نے بھی کہا کہ مذاکرات میں پیش رفت کے باوجود دونوں فریقوں کے درمیان بڑے اختلافات ابھی حل طلب ہیں اور مزید مشکل کام کرنا باقی ہے۔

میڈنسکی نے روس کے ہدف کو ایک نئے اور جدید ’یلٹا اور پوٹسڈیم‘ معاہدے سے تشبیہ دی۔ یہ 1945 کی ان کانفرنسوں کا حوالہ تھا جن میں دوسری عالمی جنگ کے بعد یورپ کے مستقبل سے متعلق فیصلے کیے گئے تھے۔

امریکی خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر جمعرات کو پہلے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات کریں گے۔ اس کے بعد وہ ڈبلن جائیں گے جہاں یوکرینی صدر ولودیمیر زیلنسکی کو ابوظبی مذاکرات کی تفصیلات سے آگاہ کریں گے۔

کشنر کے مطابق امریکی وفد پیوٹن کے ساتھ ملاقات میں ابوظبی میں زیرِ بحث آنے والی تجاویز پر مزید پیش رفت کی کوشش کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں بعض نئے امکانات سامنے آئے ہیں۔

ابوظبی مذاکرات کا ایک اہم نتیجہ روس اور یوکرین کے درمیان قیدیوں کے تبادلے پر اتفاق ہے۔ امریکی نمائندے جیرڈ کشنر نے اسے دونوں ممالک کے درمیان اب تک کا سب سے بڑا انسانی بنیادوں پر قیدیوں کا تبادلہ قرار دیا۔

کشنر کے مطابق تبادلے میں شامل قیدیوں کی حتمی تعداد اگلے روز طے کی جائے گی، تاہم اس حوالے سے دونوں ممالک یا امریکی حکام نے فوری طور پر کوئی اعداد و شمار جاری نہیں کیے۔

مذاکرات کے باوجود علاقائی تنازعات، فریقوں کے درمیان اعتماد کی کمی اور یورپی ممالک کے کردار پر اختلافات برقرار ہیں، اس لیے امن معاہدے کی حتمی پیش رفت کا انحصار آئندہ ملاقاتوں اور فیصلوں پر ہوگا۔