ربیعہ احسن قتل کی تفتیش، ’مذاق میں اہلیہ پر پسٹل تان کر ٹریگر دبا دیا‘، ملزم کے موبائل کا تجزیہ مکمل

پولیس ملزم کے بیان، جائے وقوعہ کے شواہد اور دیگر حالات و واقعات کا جائزہ لے رہی ہے


عمران اصغر November 12, 2026

اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس کی تفتیش جاری ہے، ملزم کے بیان کی چند تفصیلات سامنے آئی ہیں، پولیس ذرائع کے مطابق احسن طاہر نے دعویٰ کیا ہے کہ پستول میں میگزین نہ ہونے پر اسے خالی سمجھا اور مذاق میں اہلیہ کی جانب تان کر ٹریگر دبا دیا، ملزم کے موبائل کے ابتدائی تجزیے میں میاں بیوی کی چیٹ میں لڑائی جھگڑے کا عنصر سامنے نہیں آیا۔ پولیس ملزم کے بیان، جائے وقوعہ کے شواہد اور دیگر حالات و واقعات کا جائزہ لے رہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اینکر پرسن ربیعہ احسن قتل کیس میں ملزم احسن طاہر کے موبائل کا ابتدائی تجزیہ مکمل کرلیا گیا ہے۔ ملزم اور ربیعہ کے درمیان چیٹ کا مکمل ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا، جس میں لڑائی جھگڑے کا عنصر سامنے نہیں آیا، پولیس ذرائع کے مطابق ملزم نے دورانِ تفتیش آلۂ قتل، تیس بور پستول اور وقوعہ سے متعلق ابتدائی تفصیلات بتائی ہیں۔

احسن طاہر نے بتایا کہ اس نے چھ ماہ قبل ایک دوست سے غیر قانونی پستول حاصل کیا تھا اور اسے اس ہتھیار کے استعمال سے متعلق بہت کم معلومات تھیں۔ ملزم کے مطابق اس نے پستول اور گولیوں سے بھرا میگزین الگ الگ جگہ رکھے تھے۔ ابتدائی تفتیش میں یہ امکان سامنے آیا ہے کہ چھ ماہ قبل میگزین نکالتے وقت ایک گولی پستول کے چیمبر میں رہ گئی تھی۔

ملزم نے اپنے بیان میں دعویٰ کیا کہ وقوعہ کے روز الماری سے کپڑے نکالتے ہوئے پستول نکلا، جس میں میگزین موجود نہیں تھا۔ اسے لگا کہ پستول میں گولی نہیں ہے۔ اسی یقین پر ربیعہ کی جانب پستول تان کر مذاق میں ٹریگر دبا دیا، لیکن فائر ہوگیا، احسن طاہر کے بیان کے مطابق گولی ربیعہ کو گردن کے نیچے، دونوں ہنسلیوں کے درمیان موجود گڑھے میں لگی، ربیعہ زمین پر گرگئیں اور خون میں لت پت ہوگئیں۔

ملزم نے بتایا کہ اس نے انتہائی پریشانی کی حالت میں ریسکیو 1122 کو کال کی، ریسکیو اہلکار پولیس سے پہلے موقع پر پہنچے اور ربیعہ کی سانس بحال کرنے کی کوشش کی، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم سے حاصل ہونے والے بیان اور وقوعہ کی تفصیلات کی روشنی میں تفتیش آگے بڑھائی جارہی ہے۔ ملزم کے بیان کی تصدیق کے لیے جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد، دیگر حالات و واقعات اور بیانات کو بھی باہم ملا کر دیکھا جارہا ہے۔