کراچی:
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے اقدامات تیز کرنے اور مستقبل کے خطرات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری ماحولیات فیصل عقیلی، سیکریٹری توانائی شہاب انصاری، سی ای او سندھ پیپلز ہاؤسنگ فار فلڈ ایفیکٹیز خالد شیخ، چیف کنزرویٹر ریاض وگن، پراجیکٹ ڈائریکٹر سوئیپ عثمان معظم اور اسپیشل سیکریٹری توانائی اسلم سومرو شریک ہوئے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے جاری منصوبوں اور مستقبل کی ترجیحات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مستقبل کے موسمیاتی خطرات کا مقابلہ کرنے کے قابل بنیادی ڈھانچہ تعمیر کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مینگرووز کے جنگلات کی بحالی اور ساحلی علاقوں کے قدرتی تحفظ کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اجلاس میں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے، آبپاشی کی کارکردگی بہتر بنانے اور آبی وسائل کے مؤثر استعمال پر زور دیا گیا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے موسمیاتی تبدیلی سے محفوظ اور پائیدار ترقی کے لیے تمام محکموں کو مل کر کام کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے سیلاب سے بچاؤ، پانی کے تحفظ اور ماحول دوست ترقیاتی منصوبوں کو تیز کرنے کا حکم بھی دیا۔
سید مراد علی شاہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سندھ کے لیے صرف ماحولیاتی نہیں بلکہ ترقی کا بنیادی مسئلہ ہے۔ ہمیں سیلاب، خشک سالی، پانی کی قلت اور ساحلی کٹاؤ جیسے خطرات سے متاثر ہونے کے خدشات رہتے ہیں۔ عوام کی جان و مال، ذرائع معاش اور آبی وسائل کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے سیلاب سے بچاؤ، مکانات کی تعمیرِ نو، آبپاشی کے نظام میں بہتری اور ساحلی علاقوں کے تحفظ کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ترجیحی منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں موسمیاتی تبدیلی صوبائی ترقیاتی ایجنڈے کی اہم ترجیح رہے گی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ سندھ کے 23 اضلاع میں 552 میل طویل نہروں کی بحالی مکمل کی گئی ہے۔ نہروں کی بحالی سے 884 کیوسک پانی کی بچت ہوئی۔ سندھ میں مجموعی طور پر 6 لاکھ 50 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے 207 چھوٹے ڈیم تعمیر کیے گئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آبپاشی نظام بہتر بنانے اور نکاسی آب کے منصوبے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نکاسی آب کے منصوبوں کو جلد مکمل کریں اور آبی وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے ڈیلٹا بلیو کاربن منصوبے کے تحت ایک لاکھ 26 ہزار ہیکٹر رقبے پر مینگرووز کے جنگلات کی بحالی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے انڈس ڈیلٹا کے تحفظ اور ساحلی کٹاؤ روکنے کے لیے قدرتی حفاظتی نظام مضبوط بنانے پر زور دیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ کوسٹل ریزیلینس منصوبے کے تحت ٹھٹو، سجاول اور بدین کے 5 لاکھ سے زائد افراد کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ساحلی آبادیوں کا تحفظ اور ان کے ذرائع معاش کو محفوظ بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہوا سے 2 ہزار 360 میگاواٹ اضافی بجلی پیدا کرنے کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔ کم آمدنی والے اور آف گرڈ 2 لاکھ 75 ہزار گھرانوں کے لیے شمسی توانائی کے منصوبے زیرِ غور ہیں۔ انہوں نے قابلِ تجدید توانائی اور نجی شعبے کی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ شمسی توانائی سے چلنے والے آبپاشی نظام اور موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زراعت کو فروغ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کچرے سے صاف توانائی پیدا کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا۔
اجلاس میں اسٹار واش پروگرام پر وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ 54 کروڑ ڈالر کے اسٹار واش پروگرام کے تحت سیلاب متاثرہ دیہات میں صاف پانی اور صفائی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ پروگرام کے پہلے مرحلے میں 12 سے 15 لاکھ افراد کو سہولیات فراہم کرنے کا ہدف ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بین الاقوامی ترقیاتی اداروں اور نجی سرمایہ کاروں کے ساتھ اشتراک بڑھانے کی ہدایت کی۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کی حکمتِ عملی میں مقامی آبادیوں کو مرکزی حیثیت حاصل رہے گی، جبکہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کی زندگیوں میں دیرپا اور مثبت بہتری لانا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے پانی کی قلت، سیلاب اور ساحلی علاقوں کو درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے مربوط اقدامات کرنے کی بھی ہدایت کی۔