کراچی؛ کاٹھور میں کسٹمز کی کارروائی، 3 کروڑ سے زائد مالیت کا بھارتی گٹکا برآمد

مشکوک کنٹینر سے سفینہ برانڈ کے 12 ہزار 480 ڈبے بھارتی گٹکا برآمد ہوئے، کسٹمز حکام


اسٹاف رپورٹر November 12, 2026

کراچی:

پاکستان کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی نے انسداد اسمگلنگ مہم کے تحت کارروائی کرتے ہوئے کاٹھور کے مقام پر ایک مشکوک کنٹینر سے بھاری مقدار میں بھارتی اسمگل شدہ گٹکا برآمد کرلیا۔

کسٹمز حکام کے مطابق خفیہ اطلاع پر کاٹھور کے مقام سے گزرنے والے مشکوک کنٹینر کو روک کر تلاشی لی گئی تو اس میں سے سفینہ برانڈ کے 12 ہزار 480 ڈبے بھارتی گٹکا برآمد ہوئے۔

کلکٹر انفورسمنٹ کراچی فرید سلارزئی کے مطابق برآمد ہونے والے گٹکے کی مالیت 3 کروڑ 47 لاکھ 50 ہزار روپے ہے۔

حکام نے بھارتی گٹکے اور کنٹینر کو ضبط کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔