ریکوڈک سمیت معدنیات، تیل و گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں، وزیراعلیٰ بلوچستان

منرل کوریڈور کے لیے نیا سیکیورٹی ڈویژن قائم کیا ہے، ایف سی کا نیا ونگ بھی بنایا جا رہا ہے، سرفراز بگٹی


ارشاد انصاری November 12, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ صوبے میں ریکوڈک سمیت معدنیات، تیل و گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع ہیں۔

2 روزہ منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے پہلے روز ہونے والے سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان سرمایہ کاری کے لیے تیار ہے، صوبے میں سیکیورٹی کے ساتھ تمام ضروری سہولتیں بھی فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے منرل کوریڈور کے لیے نیا سیکیورٹی ڈویژن قائم کیا ہے، جبکہ ایف سی کا نیا ونگ بھی بنایا جا رہا ہے۔ سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں سرخ فیتے کی رکاوٹ نہیں ہوگی ، سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ریکوڈک سمیت معدنیات، تیل اور گیس کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ریکوڈک منصوبے پر 2029 تک کام شروع ہو جائے گا۔ سرونہ میں تیل اور گیس کے ایسے ذخائر موجود ہیں جو سوئی کے ذخائر سے بھی زیادہ ہیں۔

علاوہ ازیں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سرمایہ کار خیبرپختونخوا میں معدنیات کی تلاش کے لیے سرمایہ کاری کریں، پاکستان آنے والے تمام سرمایہ کاروں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو سیکیورٹی فراہم کرنا ہماری سب سے بڑی ترجیح ہے، انہیں ون ونڈو آپریشن دیں گے۔ خیبرپختونخوا میں کان کنی کا فروغ چاہتے ہیں، سرمایہ کار صوبے میں منرلز کی تلاش میں سرمایہ کاری کریں، جبکہ خیبرپختونخوا گیس کی پیداوار میں دوسرا بڑا صوبہ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ معدنی شعبے کی ترقی سندھ حکومت کی ترجیح ہے۔