پنجاب میں نجی وائلڈ لائف بریڈنگ فارمز میں رکھے گئے شیروں کے حملوں کے مسلسل واقعات نے محکمہ تحفظ جنگلی حیات و پارکس پنجاب کی نگرانی اور انفورسمنٹ کی کارکردگی پر سنگین سوالات کھڑے کردیے ہیں۔
لاہور کے علاقے کاہنہ میں نجی بریڈنگ فارم پر شیرنی کے حملے میں 19 سالہ کیئر ٹیکر کی ہلاکت نے محکمانہ نگرانی کے نظام کی خامیوں کو ایک بار پھر بے نقاب کردیا ہے۔ گزشتہ دو برس کے دوران دستیاب میڈیا رپورٹس کے مطابق شیروں کے حملوں کے کم از کم سات واقعات پیش آئے، جن میں آٹھ افراد زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوا۔
تازہ واقعہ فیضی وائلڈ لائف بریڈنگ فارم میں پیش آیا، جہاں کیئر ٹیکر طلحہ منیر شیرنی کے حملے میں شدید زخمی ہوگیا۔ اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔
محکمہ وائلڈ لائف کے مطابق کیئر ٹیکر پنجرے میں موجود شیر کو خوراک فراہم کرنے کے دوران حفاظتی ایس او پیز کی خلاف ورزی کے باعث حملے کا نشانہ بنا۔
محکمہ وائلڈ لائف نے واقعے کی وضاحت میں بتایا کہ فیضی وائلڈ لائف بریڈنگ فارم کے گوشت خور جانوروں پر مشتمل حصے کو عوام اور سیاحوں کی حفاظت کے پیش نظر جنوری 2026 سے سیل کیا جاچکا تھا۔ اس کے باوجود وہاں جانوروں کی دیکھ بھال اور خوراک فراہم کرنے کے لیے عملے کو داخلے کی اجازت تھی۔ فارم مالکان فیض اور نعمان کو پولیس کی معاونت سے گرفتار کرکے تھانہ کاہنہ منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب پولیس کے مطابق نعمان نامی ٹک ٹاکر ویڈیو بنانے کے لیے فارم ہاؤس پہنچا تھا، اس دوران شیرنی قابو سے باہر ہوگئی اور اس نے کیئر ٹیکر پر حملہ کردیا۔ پولیس کے مطابق زخمی کیئر ٹیکر کو اسپتال منتقل کرتے وقت بتایا گیا کہ وہ کتے کے حملے میں زخمی ہوا ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کی لاعلمی اور لاپرواہی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ ایک ایسے بریڈنگ فارم میں، جس کا گوشت خور جانوروں پر مشتمل حصہ کئی ماہ سے سیل ہونے کا دعویٰ کیا جارہا تھا، شیرنی کے حملے میں ایک نوجوان کی جان چلی گئی، جبکہ واقعے کے بعد زخمی کیئر ٹیکر کو اسپتال میں کتے کے حملے کا نشانہ بننے کی اطلاع دی گئی۔ یہ صورتحال فارم میں حفاظتی انتظامات، عملے کی نگرانی اور محکمہ وائلڈ لائف کے مانیٹرنگ نظام کی مؤثریت پر سوالات اٹھاتی ہے۔
یہ بھی اہم ہے کہ اگر فارم کا متعلقہ حصہ جنوری 2026 سے سیل تھا تو وہاں خطرناک جانوروں کی دیکھ بھال کے انتظامات کی نگرانی کون کررہا تھا؟ کیا محکمہ نے فارم میں موجود شیروں اور شیرنیوں کے پنجرے، حفاظتی انتظامات اور خوراک فراہم کرنے کے طریقہ کار کا معائنہ کیا تھا؟ کیا عملے کو خطرناک جانوروں سے نمٹنے کی باقاعدہ تربیت دی گئی تھی؟ اور کیا فارم مالکان کو حفاظتی ضوابط کی خلاف ورزی پر پہلے کوئی نوٹس یا وارننگ جاری کی گئی تھی؟
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں اس سے قبل بھی شیروں کے حملوں کے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ جولائی 2025 میں لاہور کے علاقے جوہر ٹاؤن میں ایک شیر نجی فارم ہاؤس سے فرار ہوکر سڑک پر آگیا تھا اور اس نے ایک خاتون اور دو بچوں کو زخمی کردیا تھا۔
جنوری 2026 میں لاہور کے علاقے بھیکے وال پنڈ میں شیرنی کے حملے سے آٹھ سالہ بچی زخمی ہوئی، جبکہ سبزہ زار میں شیر کے حملے سے آٹھ سالہ بچے کا بازو ضائع ہوگیا۔ اسی عرصے میں فیصل آباد میں شیروں کو تحویل میں لینے کی کارروائی کے دوران محکمہ وائلڈ لائف کا ایک اہلکار بھی شیر کے حملے میں زخمی ہوا۔
ستمبر 2026 میں گجرات کے علاقے کھاریاں میں 17 سالہ نوجوان شیر کے حملے میں زخمی ہوا، جبکہ نومبر 2026 میں کاہنہ کے واقعے میں 19 سالہ کیئر ٹیکر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔
مسلسل واقعات کے باوجود نجی بریڈنگ فارمز میں خطرناک جانوروں کی موجودگی، ان کے حفاظتی انتظامات اور مالکان کی قانونی ذمہ داریوں پر مؤثر عملدرآمد کا سوال تاحال برقرار ہے۔ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے ہر واقعے کے بعد وضاحت اور قانونی کارروائی اپنی جگہ، لیکن بنیادی سوال یہ ہے کہ انسانی جانوں کے ضیاع سے پہلے خطرات کی نشاندہی اور ان کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیوں نہیں کیے جاتے؟
ضرورت اس امر کی ہے کہ پنجاب بھر کے نجی وائلڈ لائف بریڈنگ فارمز کا جامع حفاظتی آڈٹ کیا جائے، خطرناک جانوروں کے پنجروں اور حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا جائے، عملے کی تربیت لازمی بنائی جائے اور خلاف ورزی کرنے والے فارم مالکان کے لائسنس معطل یا منسوخ کیے جائیں۔ محکمہ یہ تفصیلات بھی سامنے لائے کہ گزشتہ دو برس میں کتنے بریڈنگ فارمز کا معائنہ کیا گیا، کتنے خلاف ورزی کے مرتکب پائے گئے اور ان کے خلاف کیا کارروائی کی گئی۔