شارجہ: شارجہ میں سمندری آلودگی اور آئل ٹینکر سے تیل رسنے کے اثرات ختم کرنے کے بعد امارت کے ساحل دوبارہ عوام کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ ساحلی علاقے اور سمندری ماحول اب محفوظ ہیں۔
شارجہ گورنمنٹ میڈیا بیورو نے جمعرات کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں بتایا کہ متعلقہ اداروں نے صفائی اور آلودگی کے اثرات ختم کرنے کا کام مکمل کرلیا ہے۔ ماحولیاتی جائزے اور مسلسل نگرانی کے بعد ساحلوں کو عوام کے لیے دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔
بیورو کے مطابق ماہرین کی جانچ میں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ ساحلی علاقوں میں تیل کے رساؤ کے ایسے اثرات باقی نہیں رہے جو انسانی صحت یا سمندری حیات کے لیے نقصان دہ ہوں۔
حکام نے شہریوں اور سیاحوں کو دوبارہ ساحلوں پر آنے اور سمندری سرگرمیوں سے لطف اندوز ہونے کی اجازت دے دی ہے۔
ساحلوں کی بندش کے بعد متعلقہ اداروں نے سمندری آلودگی پر قابو پانے، تیل کے اثرات صاف کرنے اور ماحول کی بحالی کے لیے اقدامات کیے تھے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی جانچ اور نگرانی کے نتائج تسلی بخش آنے کے بعد ساحل دوبارہ کھولے گئے ہیں۔