کراچی کی اہم شاہراہوں سے تجاوزات کے خاتمے بڑے کریک ڈاؤن کا فیصلہ

پہلے مرحلے میں یونیورسٹی روڈ پر قائم تجاوزات کو ختم کیا جائے گا، بس اڈے شہر سے باہر منتقل کرنے کا فیصلہ


محمد سلیم جھنڈیر November 12, 2026

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت نے کراچی کی اہم شاہراہوں سے تجاوزات کے خاتمے کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکومت سندھ کے فیصلے کے مطابق  پہلے مرحلے میں یونیورسٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں اور پیپلز بس سروس کے مختلف روٹس پر ترجیحی بنیادوں پر آپریشن کیا جائے گا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس، شہری انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ مشترکہ طور پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کریں گے۔

اجلاس میں کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کراچی پولیس چیف آزاد خان، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پیپلز بس سروس کے روٹس پر قائم تجاوزات اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے غیر قانونی تجاوزات کے خاتمے کے لیے متعلقہ اداروں کو فوری اقدامات کرنے کی ہدایات دی گئیں۔ اس کے علاوہ سہراب گوٹھ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی بس اڈوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کی اہم شاہراہوں اور پیپلز بس سروس کے روٹس پر تجاوزات کے باعث شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ سڑکوں پر غیر قانونی قبضوں اور رکاوٹوں سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے، ایندھن کے اخراجات بڑھتے ہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت میں بھی دشواری پیش آتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اہم شاہراہوں اور بس روٹس کو تجاوزات سے پاک کیا جائے۔انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ غیر قانونی تجاوزات کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائی کی جائے اور غیر قانونی بس ٹرمینلز کے خلاف بھی آپریشن کیا جائے تاکہ شہر کی سڑکوں پر ٹریفک کا دباؤ کم ہو اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت مل سکے۔

اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کراچی سے باہر جدید بس اڈے قائم کرنے اور کراچی بس ٹرمینل کی توسیع کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے متعلقہ حکام کو لاجسٹکس پارک کے قیام کے لیے کوششیں تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی بہتر بنانے اور ٹرانسپورٹ کے نظام کو منظم کرنے کے لیے تمام متعلقہ ادارے مل کر کام کریں۔