راولپنڈی؛ پرانی دشمنی پر گھات لگائے ملزمان کی فائرنگ سے باپ، بیٹا جاں بحق

مقتولین کی شناخت 40 سالہ امریز خان اور 16 سالہ عاطف کے نام سے ہوئی، پولیس


عمران اصغر November 12, 2026

راولپنڈی کے علاقے چاکرہ روڑ پر مسلح ملزمان نے پرانی دشمنی کی بنیاد پر گھات لگا کر فائرنگ کرکے باپ اور بیٹے کو قتل کردیا جبکہ پولیس حکام نے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ چاکرہ روڈ پر ڈھوک گجراں میں ٹوٹل پیٹرول پمپ کے قریب پیش آیا، جہاں گھات لگائے ملزمان نے موٹرسائیکل سوار باپ بیٹے پر فائرنگ کردی، مقتولین موٹرسائیکل پر چاکرہ روڈ سے اپنے گھر جارہے تھے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مقتولین کی شناخت 40 سالہ امریز خان اور 16 سالہ عاطف کے نام سے ہوئی، ریسکیو ٹیموں نے پولیس کی موجودگی میں دونوں لاشیں راولپنڈی ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال منتقل کردیں۔

قتل کی واردات کے حوالے سے پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات میں واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں، پولیس افسران نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے ہیں اور  ملزمان کی تلاش کے لیے ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

سی پی او راولپنڈی نے ایس پی پوٹھوہار سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کی ہے۔