ناروے سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ ڈی جے اور میوزک پروڈیوسر ایلن واکر نے پاکستانی موسیقی کو عالمی سامعین تک پہنچانے کی کوشش میں مقبول گانے ’الفاظ‘ کا نیا ورژن جاری کردیا ہے۔
’الفاظ (ری لائٹ)‘ کے نام سے تیار کیے گئے اس گانے میں پاکستانی گلوکار حمزہ ملک اور زین زوہیب نے بھی ان کا ساتھ دیا ہے۔
ایلن واکر نے لاہور میں دونوں پاکستانی گلوکاروں کے ساتھ مل کر اس نئے ورژن پر کام کیا۔ انہوں نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر گانے کی ریلیز کا اعلان کرتے ہوئے اس کا مختصر ٹیزر بھی شیئر کیا۔
اپنے پیغام میں ایلن واکر نے کہا کہ ’الفاظ‘ نے انہیں ایک دوسرے کے قریب لانے میں کردار ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گانے کا نیا ورژن ریلیز کردیا گیا ہے اور انہیں امید ہے کہ سامعین بھی اسے اتنا ہی پسند کریں گے جتنا وہ خود اس سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔
ایلن واکر کی جانب سے ٹیزر جاری کیے جانے کے بعد یہ ویڈیو تیزی سے سوشل میڈیا پر پھیل گئی، جہاں صارفین کی جانب سے نئے ورژن کو پسند کیا جارہا ہے۔