برطانیہ؛ دو صحافیوں کو قتل کرنے کے منصوبہ ساز دو ایرانی جاسوس مجرم قرار

ایک ملزم کو عدم شواہد پر بری کردیا گیا جبکہ دونوں مجرموں کو آئندہ ماہ سزا سنائے جانے کا امکان ہے


ویب ڈیسک November 12, 2026
لندن میں حکومت مخالف ایرانی صحافیوں کی نگرانی کے الزام میں دو ایرانی شہری برطانوی عدالت سے مجرم قرار پائے

لندن میں مقیم حکومت مخالف ایرانی صحافیوں کی نگرانی اور ان کے خلاف ممکنہ حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں دو ایرانی شہریوں کو برطانوی عدالت نے مجرم قرار دے دیا جب کہ اس مقدمے میں ایک تیسرے ملزم کو بری کردیا گیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق 41 سالہ مصطفیٰ سپاہوند کو دو الزامات میں مجرم قرار دیا گیا جن میں غیر ملکی خفیہ ادارے کی معاونت اور ممکنہ حملے کی تیاری سے متعلق جرم شامل ہے۔

اسی طرح دوسرے ملزم 46 سالہ فرہاد جوادی منیش کو غیر ملکی خفیہ ادارے کی معاونت کے الزام میں قصوروار ٹھہرایا گیا جبکہ تیسرے ملزم 57 سالہ شپُور قلعہلی خانی نوری کو دونوں الزامات سے بری کردیا گیا۔

استغاثہ کے مطابق ملزمان نے اگست 2024 سے مارچ 2025 کے دوران لندن میں قائم فارسی زبان کے نشریاتی ادارے ایران انٹرنیشنل سے وابستہ صحافیوں مجتبیٰ پورمحسن اور کامبیز حسینی کی ریکی کی۔

ملزمان پر الزام ہے کہ انھوں نے ان دونوں صحافیوں کی رہائش گاہوں اور نقل و حرکت کی نگرانی کی گئی، ان کی تصاویر اور ویڈیوز بنائی گئیں اور ان کے بارے میں معلومات جمع کیں۔

برطانوی پولیس کے مطابق یہ پہلا موقع ہے کہ ایران کے شہریوں کو 2023 میں نافذ ہونے والے قومی سلامتی کے قانون کے تحت مجرم قرار دیا گیا ہے۔

انسداد دہشت گردی پولیس کی اعلیٰ رابطہ کار وکی ایونز نے کہا کہ یہ مقدمہ برطانیہ کو ایران سے لاحق بڑھتے ہوئے خطرات کی عکاسی کرتا ہے۔

دوسری جانب ایران مسلسل جاسوسی میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کرتا رہا ہے جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے مئی 2025 میں ملزمان کی گرفتاری پر تشویش کا اظہار بھی کیا تھا۔

دونوں مجرموں کو آئندہ ماہ سزا سنائے جانے کا امکان ہے۔

پس منظر: ایران اور برطانیہ میں کشیدگی

برطانیہ اور ایران کے درمیان حکومت مخالف صحافیوں اور سیاسی مخالفین کی نگرانی کے معاملے پر پہلے بھی کشیدگی رہی ہے۔

لندن میں قائم ایران انٹرنیشنل فارسی زبان کا نشریاتی ادارہ ہے جو ایرانی حکومت پر تنقید کے باعث تہران کے نشانے پر رہتا ہے۔

اس مقدمے کی سماعت کے دوران استغاثہ نے عدالت کو بتایا تھا کہ ملزمان نے صحافیوں کے پتے تلاش کیے، ان کی گاڑیوں اور رہائش گاہوں کی تصاویر بنائیں اور ان کی روزمرہ سرگرمیوں سے متعلق معلومات جمع کیں۔

استغاثہ کے مطابق اس کارروائی کا مقصد صحافیوں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی تیاری تھا۔

ایک ملزم سپاہوند نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ اسے ایرانی حکام کی جانب سے دھمکایا گیا اور وہ دباؤ میں یہ کام کررہا تھا، جب کہ دیگر ملزمان نے ایرانی خفیہ ادارے کی معاونت کے علم سے انکار کیا تھا۔