ایک اور معاشقہ سامنے آنے کے بعد دنیا کی معروف ٹیکنالوجی کمپنی اینویدیا کے چیف ایگزیکٹو جینسن ہوانگ کے لیے مشکلات بڑھ گئیں اور کمپنی کا بورڈ انہیں عہدے سے ہٹانے پر غور کرنے لگا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق جینسن ہوانگ کے ایک چینی کاروباری خاتون اور مبینہ جاسوس ایلس ہوانگ کے ساتھ افیئر کا معاملہ ابھی زیرِ تحقیقات تھا کہ ان کے ایک دوسری خاتون سے تعلقات کی خبر بھی سامنے آگئی۔
نیویارک ٹائمز نے پانچ سابق ملازمین کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ جینسن ہوانگ کے اپنی کمپنی کی ایک اعلیٰ عہدیدار کمبرلی پاول سے بھی مبینہ غیر ازدواجی تعلقات تھے۔
کمبرلی پاول اینویدیا میں صحت کے شعبے کی نائب صدر ہیں اور مبینہ طور پر براہِ راست جینسن ہوانگ کو رپورٹ کرتی تھیں تاہم اس الزام کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوئی۔
دوسری جانب نئی خبروں کے بعد اینویدیا کے حصص کی قیمت کاروباری اوقات کے بعد تقریباً 8 سے 10 فیصد تک گر گئی، جس سے کمپنی کی مارکیٹ مالیت میں اربوں ڈالر کی کمی ہوئی۔
وال اسٹریٹ جرنل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کمپنی کا بورڈ جینسن ہوانگ کو عہدے سے ہٹانے کے لیے اجلاس کرنے کی تیاری کررہا ہے۔
رائٹرز کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بورڈ نے ان کے مستقبل کا فیصلہ کرنے کے لیے اجلاس بلایا تاہم ان کی برطرفی کا کوئی حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔
پہلے اسکینڈل سے تحقیقات تک معاملہ کیسے پہنچا؟
جینسن ہوانگ نے 8 نومبر کو کمپنی کے ملازمین کو بھیجے گئے پیغام میں اپنی اہلیہ سے بے وفائی کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگی تھی۔ یہ معاملہ سنگاپور کی کمپنی میگاسپیڈ کی سابق عہدیدار ایلس ہوانگ سے ان کے مبینہ تعلقات کے باعث سامنے آیا تھا۔
امریکی انٹیلی جنس حکام کو شبہ ہے کہ ایلس ہوانگ چینی خفیہ ادارے کے لیے کام کرتی تھیں اور انہوں نے اینویدیا کی جدید چپس چین تک پہنچانے میں کردار ادا کیا۔ چین نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
اینویدیا کے بورڈ نے اس معاملے کی آزادانہ تحقیقات کے لیے نیویارک کی قانونی فرم واچٹیل، لپٹن، روزن اینڈ کاٹز کی خدمات حاصل کی ہیں۔
جینسن ہوانگ کی جگہ کون لے سکتا ہے؟
بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق کمپنی کا بورڈ ممکنہ نئے سربراہوں کی تلاش کے لیے ایک بیرونی ادارے سے بھی رابطے میں ہے۔ مستقل سربراہ کی تقرری تک عبوری چیف ایگزیکٹو مقرر کرنے کے امکان پر بھی غور کیا جارہا ہے۔
جینسن ہوانگ نے 1993 میں اینویدیا کی بنیاد رکھی تھی اور تین دہائیوں سے زیادہ عرصے سے کمپنی کی قیادت کررہے ہیں۔ ان کی سربراہی میں کمپنی مصنوعی ذہانت کے شعبے میں دنیا کی اہم ترین ٹیکنالوجی کمپنیوں میں شامل ہوئی اور اس کی مارکیٹ مالیت 4 ہزار ارب ڈالر سے تجاوز کرگئی۔
تاہم بورڈ کے اجلاس کے باوجود ان کی برطرفی کا فیصلہ سامنے نہیں آیا اور کمپنی کی جانب سے باضابطہ طور پر ان کے مستقبل کا اعلان ہونا باقی ہے۔
جینسن ہوانگ کون ہیں؟
یہ ایک تائیوانی نژاد امریکی بزنس ایگزیکٹو اور الیکٹریکل انجینئر ہیں۔ جنھوں نے 1993 میں گرافکس چپس بنانے والی دنیا کی مشہور کمپنی این ویڈیا (NVIDIA) کی بنیاد رکھی تھی۔ آج کل مصنوعی ذہانت (AI) کی ترقی میں ان کی کمپنی کی چپس کا بنیادی کردار ہے۔