کراچی:
حیدری مارکیٹ میں ڈکیتی کے بعد پولیس پر فائرنگ کرکے فرار ہونے والے دونوں ملزمان گرفتار کر لیے گئے۔
ترجمان ایس ایس پی ضلع وسطی پولیس کے مطابق تھانہ حیدری مارکیٹ کی حدود میں ڈکیتی کی واردات کے بعد شاہین فورس کے جوانوں پر فائرنگ کرکے فرار ہونے والے دونوں ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔
چند روز قبل حیدری مارکیٹ کے علاقے میں ڈکیتی کی واردات کے دوران شاہین فورس کے جوان موقع پر پہنچے تو ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے۔ واقعہ کی وائرل ویڈیو میں دونوں ملزمان کو واردات کے بعد موٹر سائیکل پر فرار ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جبکہ ان میں سے ایک ملزم اسلحہ لہراتے ہوئے موٹر سائیکل پر سوار ہوتا دکھائی دیتا ہے۔
واقعہ کی ویڈیو کی مدد سے موٹر سائیکل چلانے والے ملزم کی شناخت آصف عرف دھوبی ولد امانت کے نام سے ہوئی تھی جسے گزشتہ روز تھانہ گلبہار کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا تھا۔ گزشتہ شب تھانہ گلبہار پولیس نے ایک اور پولیس مقابلے کے دوران دوسرے ملزم عبدالرحمن عرف گھاڑا ولد نواب کو بھی زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جو حیدری مارکیٹ میں ڈکیتی اور پولیس پر فائرنگ کے واقعہ میں ملوث تھا۔
گرفتار ملزم کے قبضے سے ایک پستول مع تین زندہ راؤنڈ اور ایک موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ملزم آصف عرف دھوبی کے خلاف مختلف تھانوں میں ڈکیتی، غیر قانونی اسلحہ، پولیس پر حملے اور دیگر جرائم کے متعدد مقدمات درج ہیں جبکہ اس کے خلاف تھانہ گلبہار میں مقدمات نمبر 407/2026 بجرم دفعہ 353/324/34 اور 408/2026 بجرم دفعہ 23(I)A بھی درج ہیں۔ملزم عبدالرحمن عرف گھاڑا کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی بھی جانچ کی جا رہی ہے۔
حیدری مارکیٹ میں ڈکیتی اور پولیس پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ نمبر 447/2026 تھانہ حیدری میں درجکا ہے۔دونوں ملزمان کی گرفتاری کے بعد واقعہ میں ملوث پورے گروہ اور دیگر وارداتوں کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔