کراچی:
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں 2 افراد زخمی ہوگئے ایک واقعہ ڈکیتی کے دوران مزاحمت جبکہ دوسرا شادی کی تقریب میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق بلدیہ ٹاؤن کے علاقے گلشن غازی بلاک ڈی میں اقبال کلینک کے قریب ڈاکوؤں نے مبینہ طور پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں 24 سالہ ارباز خان ولد مدار خان زخمی ہوگیا۔ زخمی نوجوان کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے۔
دوسری جانب قائدآباد ریلوے پھاٹک کے قریب شادی کی تقریب میں فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی شخص کی شناخت 30 سالہ عبدالباسط کے نام سے ہوئی ہے، جسے طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔