لاہور:
لاہور میں شیر کے حملے سے نوجوان طلحہ کی ہلاکت کے واقعے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی، ورثا نے ابتدا میں واقعہ چھپاتے ہوئے پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق طلحہ کی اسپتال میں ہلاکت کے بعد انتظامیہ نے واقعے کی اطلاع دی تو نوجوان کے والد نے مؤقف اختیار کیا کہ بیٹے پر کھیتوں میں کتوں نے حملہ کیا تھا۔ پولیس والد کو جائے وقوعہ پر لے گئی، جہاں ایک ملز کے کیمروں کی مدد سے واقعے کی تصدیق نہ ہوسکی۔
بعدازاں فارم ہاؤس کے مالک فیاض عرف فیضی سے نوجوان کے والد کی گفتگو کی ریکارڈنگ کے ذریعے شیر کے حملے کا سراغ ملا۔ پولیس فارم ہاؤس پہنچی تو وہاں سے سی سی ٹی وی کیمرے اور ڈی وی آر غائب تھے۔
پولیس نے فارم ہاؤس مالک فیاض عرف فیضی کو اسلام پورہ سے فرار کی کوشش کے دوران گرفتار کرلیا، جبکہ دوسرے ملزم ٹک ٹاکر نعمان کو شملہ پہاڑی کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔ ملزمان نے مبینہ طور پر واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی غائب کردی تھی۔
شیر کے حملے میں طلحہ کی کمر اور گردن پر شدید زخم آئے تھے، جن کے باعث وہ جانبر نہ ہوسکا۔