دنیا بھر میں مائیکروسافٹ کی سروسز متاثر، صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا

امریکا میں صرف آؤٹ لک کے حوالے سے ایک لاکھ 31 ہزار سے زائد شکایات سامنے آئیں


ویب ڈیسک November 13, 2026

دنیا بھر میں مائیکروسافٹ کی مختلف سروسز میں خرابی کے باعث صارفین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا متاثرہ سروسز میں مائیکروسافٹ ٹیمز، آؤٹ لک اور مصنوعی ذہانت کا سافٹ ویئر کوپائلٹ بھی شامل ہیں۔

مائیکروسافٹ نے جمعرات کو سروسز میں تعطل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی کنکشن کے مسائل دور کرنے کے لیے کام کر رہی ہے۔

کمپنی کے مطابق اس کے انفرااسٹرکچر کے ایک حصے پر غیر معمولی دباؤ بڑھ گیا تھا جس کے باعث صارفین کو سروسز تک رسائی میں مشکلات پیش آئیں۔

مائیکروسافٹ کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ صارفین کی جانب سے ٹریفک میں اضافے کے باعث نہیں بلکہ متعدد سرورز اچانک دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے پیدا ہوا، جس سے باقی سرورز پر دباؤ بڑھ گیا۔

آؤٹیج کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق برطانیہ اور امریکا میں بڑی تعداد میں صارفین نے مائیکروسافٹ کی سروسز متاثر ہونے کی شکایات درج کرائیں۔ امریکا میں صرف آؤٹ لک کے حوالے سے ایک لاکھ 31 ہزار سے زائد شکایات سامنے آئیں۔

مائیکروسافٹ نے مزید بتایا کہ مسئلے کے حل کے لیے سرورز کی ترتیبات میں تبدیلی کا تجربہ کیا جا رہا ہے تاکہ سرورز کی خودکار جانچ کے دوران پیدا ہونے والی خرابی دور کی جاسکے۔