واٹس ایپ کا نیا پرائیویسی فیچر، صارفین طے کرسکیں گے نمبر کون دیکھ سکتا ہے

اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے یوزر نیم کا استعمال ضروری ہوگا


ویب ڈیسک November 11, 2026

واٹس ایپ صارفین کی نجی معلومات کے تحفظ کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے، جس کے ذریعے صارفین خود فیصلہ کرسکیں گے کہ ان کا فون نمبر کن لوگوں کو دکھائی دے۔

اس سہولت کو کمپنی کے پہلے سے متعارف کرائے گئے یوزر نیم فیچر میں شامل کیا جارہا ہے، جس کا بنیادی مقصد فون نمبر ظاہر کیے بغیر رابطے کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

واٹس ایپ نے جون 2026 میں یوزر نیم فیچر متعارف کرایا تھا، تاہم یہ ابھی تمام صارفین کے لیے مکمل طور پر دستیاب نہیں ہوا۔ فی الحال صارفین اپنے پسندیدہ یوزر نیم کا انتخاب کرکے اسے محفوظ کراسکتے ہیں۔ فیچر مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد لوگ اپنا فون نمبر بتائے بغیر بھی دوسروں سے چیٹ کرسکیں گے۔

ٹیکنالوجی سے متعلق ویب سائٹ ’ڈبلیو اے بیٹا انفو‘ کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ اب اس نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے ایک نئے پرائیویسی آپشن کی آزمائش کر رہا ہے۔ اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے ایپ کے تازہ بیٹا ورژن میں اس فیچر کے آثار سامنے آئے ہیں، جس کے تحت صارفین اپنے فون نمبر کی نمائش پر زیادہ کنٹرول حاصل کرسکیں گے۔

رپورٹ کے مطابق صارفین کو اس مقصد کے لیے چار اختیارات دیے جائیں گے: ایوری ون، مائی کانٹیکٹس، مائی کانٹیکٹس ایکسیپٹ اور نو باڈی۔ ان میں سے کسی ایک کا انتخاب کرکے یہ طے کیا جاسکے گا کہ کالز اور چیٹس کے دوران کون ان کا فون نمبر دیکھ سکتا ہے۔

تاہم اس سہولت سے فائدہ اٹھانے کے لیے یوزر نیم کا استعمال ضروری ہوگا۔ اگر کوئی شخص پہلے ہی کسی صارف کا فون نمبر جانتا ہے تو اسے چیٹ یا کال کے دوران وہ نمبر دکھائی دیتا رہے گا۔ اس کے برعکس یوزر نیم کے ذریعے رابطہ کرنے والے افراد فون نمبر نہیں دیکھ سکیں گے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ فیچر پر ابھی کام جاری ہے اور یہ بیٹا ورژن استعمال کرنے والوں کو بھی دستیاب نہیں۔ اس لیے عام صارفین کے لیے اس کی باضابطہ فراہمی کی تاریخ فی الحال سامنے نہیں آئی۔