امریکی خلائی ادارے ناسا نے چاند پر انسانی مستقل اڈے کے قیام کے لیے ایک ملین ڈالر کا 'مون بیس اسٹوڈنٹ چیلنج' شروع کر دیا ہے، جس میں امریکا بھر کے ہائی اسکولوں اور اعلیٰ تعلیمی اداروں کے طلبا کی ٹیمیں حصہ لے سکیں گی۔
اس مقابلے کے تحت طلبا کو چاند پر ناسا کے مجوزہ اڈے کے لیے جدید ڈیزائن تیار کرنے اور وہاں انسانی زندگی کو ممکن بنانے سے متعلق عملی مسائل کے حل پیش کرنے کا موقع دیا جائے گا۔
ناسا نے اس مقابلے کا اعلان ریاست فلوریڈا میں واقع کینیڈی اسپیس سینٹر وزیٹر کمپلیکس میں منعقدہ 'میکس پاور' ایونٹ کے دوران کیا۔ یہ اقدام ادارے کے 'گولڈن ایج آف سائنس' منصوبے کا حصہ ہے۔
ناسا کے مطابق اس چیلنج کا بنیادی مقصد نوجوانوں کی سائنسی اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دینا اور انہیں چاند پر انسانوں کی مستقل موجودگی ممکن بنانے کے لیے نئے خیالات اور قابلِ عمل حل پیش کرنے کی ترغیب دینا ہے۔