ایران کے نیچے ٹیکٹونک پلیٹ میں دو بڑی دراڑوں کا انکشاف

یہ دراڑیں عربین پلیٹ میں موجود ہیں اور ان کی بنیادی وجہ مختلف اقسام کی چٹانوں کی کثافت اور ساخت میں فرق ہے


ویب ڈیسک November 09, 2026

چینی سائنس دانوں نے ایران کے جنوب مشرقی علاقے کے نیچے زمین کی ایک بڑی ٹیکٹونک پلیٹ میں دو وسیع دراڑیں دریافت کر لی ہیں جن سے زمین کی اندرونی ساخت اور براعظموں کی تشکیل سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔

تحقیق کے مطابق یہ دراڑیں عربین پلیٹ میں موجود ہیں اور ان کی بنیادی وجہ مختلف اقسام کی چٹانوں کی کثافت اور ساخت میں فرق ہے۔

چینی اکیڈمی آف سائنسز کے محققین کی سربراہی میں ہونے والی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اس پلیٹ کا ایک حصہ قدیم بحیرہ نیو-ٹی دِس کی سمندری تہہ کا حصہ تھا جہاں موجود بھاری بیسالٹ چٹانیں دوسری پلیٹ کے نیچے دھنس رہی ہیں جبکہ پلیٹ کا دوسرا حصہ نسبتاً ہلکی اور موٹی براعظمی چٹانوں پر مشتمل ہے۔

سائنس دانوں کے مطابق سمندری اور براعظمی چٹانوں کی خصوصیات میں فرق کے باعث پلیٹ کے مختلف حصوں پر دباؤ پڑ رہا ہے جس کے نتیجے میں اس میں بڑی دراڑیں پیدا ہو رہی ہیں۔ براعظمی چٹانیں زیر زمین دھنسنے کے بجائے مزاحمت کے باعث پہاڑوں کی تشکیل کا سبب بنتی ہیں۔

جرنل نیچر جیو سائنس میں شائع ہونے والی اس تحقیق سے سائنس دانوں کو یہ سمجھنے میں مدد ملے گی کہ لاکھوں سال کے دوران سمندر کس طرح ختم ہوتے ہیں، براعظم کیسے آپس میں ٹکراتے ہیں اور زمین کی سطح میں بڑی جغرافیائی تبدیلیاں کیسے رونما ہوتی ہیں۔

محققین کے مطابق یہ دریافت زمین کی ارضیاتی تاریخ اور ٹیکٹونک پلیٹوں کی حرکت کے پیچیدہ عمل کو سمجھنے میں اہم پیشرفت ہے۔