ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے شہر سیریک پر فضائی حملہ، سرکاری میڈیا کا دعویٰ

حملے کی اطلاعات سامنے آنے سے قبل علاقے کے رہائشیوں نے کئی دھماکوں کی آوازیں سنی تھیں


ویب ڈیسک November 13, 2026

تہران: ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے جنوبی صوبے ہرمزگان کے شہر سیریک کو دشمن کے حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ ایرانی میڈیا نے اس کارروائی کو فوجی نوعیت کا حملہ قرار دیا ہے۔

ارنا نے جمعرات 12 نومبر کی رات سرکاری ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سیریک میں حملہ ہوا، تاہم خبر رساں ادارے نے حملہ کرنے والے فریق کی شناخت، نشانہ بننے والے مقام یا ممکنہ نقصان سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کیں۔

ایران انٹرنیشنل کے مطابق حملے کی اطلاعات سامنے آنے سے قبل علاقے کے رہائشیوں نے کئی دھماکوں کی آوازیں سنی تھیں، تاہم ان دھماکوں کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی۔

سیریک ایران کے جنوبی صوبے ہرمزگان میں واقع ہے اور آبنائے ہرمز کے قریب واقع ہونے کے باعث تزویراتی اہمیت رکھتا ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی سطح پر تیل کی ترسیل کا ایک اہم بحری راستہ ہے۔

تاحال حملے کی نوعیت، ممکنہ جانی و مالی نقصان اور ذمہ دار فریق کے بارے میں آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔