کراچی:
جامعہ کراچی نے طلبہ یونینز کی بحالی سے متعلق درخواست پر جواب سندھ ہائیکورٹ میں جمع کرادیا۔
جامعہ کراچی نے اپنے جواب میں کہا کہ طلبہ کونسل کا مجوزہ آئین 12 دسمبر 2022 کو محکمہ جامعات و بورڈز سندھ کو منظوری کے لیے بھیجا تھا جس کی منظوری تاحال سندھ حکومت کے متعلقہ محکمے کے پاس زیر التوا ہے۔
جامعہ کراچی کے مطابق طلبہ کونسل کا آئین سینٹرل اسٹوڈنٹس ایڈوائزری کونسل نے تیار کیا تھا، وائس چانسلر کی ہدایت پر جامعہ کراچی کے رجسٹرار نے مجوزہ آئین سیکریٹری محکمہ جامعات و بورڈز سندھ کو منظوری کے لیے بھیجا تھا۔
جامعہ کراچی نے کہا کہ درخواست گزار اپنے کسی بنیادی آئینی حق کی خلاف ورزی ثابت نہیں کرسکے، طلبہ یونینز کی بحالی اور انتخابات کے طریقہ کار کے لیے آئین سازی کا عمل پہلے ہی شروع کردیا گیا تھا۔
جامعہ کراچی نے کہا کہ سندھ ہائی کورٹ نے اس سے قبل بھی اسی معاملے پر درخواست مسترد کردی تھی، نئی درخواست بھی ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کے جائے۔
درخواست گزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے کہا کہ قوانین کے مطابق رولز بنائے بغیر بھی الیکشن کا انعقاد کیا جاسکتا ہے، جامعہ کراچی کی جانب سے رولز کی عدم منظوری کا جواز ناقابل قبول ہے۔
عدالت نے درخواست کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔