پیٹ کمنز کا عثمان خواجہ کے الزامات پر سخت ردعمل، بال ٹیمپرنگ تنازع پر اہم انکشافات

کمنز نے کہا کہ خواجہ ان کے پرانے دوست ہیں، وہ اس معاملے پر قانونی کارروائی نہیں کریں گے


اسپورٹس ڈیسک November 13, 2026

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان پیٹ کمنز نے جنوبی افریقا کے شہر کیپ ٹاؤن میں 2018 کے بدنام زمانہ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل سے متعلق عثمان خواجہ کے الزامات کو سختی سے مسترد کردیا ہے۔

پیٹ کمنز کا کہنا ہے کہ پوری آسٹریلوی ٹیم کو سینڈ پیپر کے استعمال کا علم ہونے کا دعویٰ بالکل غلط اور بے بنیاد ہے۔

سڈنی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پیٹ کمنز نے عثمان خواجہ کی کتاب میں کیے گئے انکشافات پر تفصیلی ردعمل دیا۔

ان کے مطابق انہیں بال ٹیمپرنگ کے لیے سینڈ پیپر میدان میں لے جانے کے منصوبے کا کوئی علم نہیں تھا اور نہ ہی ٹیم کے تمام کھلاڑی اس معاملے سے واقف تھے۔

انہوں نے اس الزام کو بھی مسترد کیا کہ وہ یا دیگر کھلاڑی اس منصوبے کے ذمہ دار تھے۔

پیٹ کمنز نے کہا کہ عثمان خواجہ ان کے پرانے دوست ہیں تاہم کتاب میں لگائے گئے الزامات سے ان کی ذاتی ساکھ اور دیگر کھلاڑیوں کی زندگی متاثر ہوئی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس معاملے پر قانونی کارروائی نہیں کریں گے لیکن لوگوں کو اپنے بیانات کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے۔

کمنز نے تسلیم کیا کہ 2018 میں آسٹریلوی ٹیم کے اندر جیتنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کی سوچ موجود تھی اور ٹیم میں کچھ منفی پہلو بھی تھے جنہیں بعد میں بہتر بنایا گیا۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ سینڈ پیپر استعمال کرنے کا کوئی باقاعدہ منصوبہ یا ٹیم میٹنگ نہیں ہوئی تھی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت ہونے والی تحقیقات میں انہوں نے سچائی کے ساتھ اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔

کمنز نے اس اسکینڈل میں اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ کو دی جانے والی سزاؤں کو بھی ضرورت سے زیادہ سخت قرار دیا۔

دوسری جانب انہوں نے اسٹیو اسمتھ کے ساتھ اپنے اچھے تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں مستقبل میں آسٹریلوی کرکٹ کے لیے ایک ساتھ کام کرنے کے حوالے سے مکمل طور پر متفق ہیں۔