وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کا کہنا ہے کہ پاکستان عالمی سرمایہ کاروں کے لیے اہم معدنیات کی تلاش، ترقی اور پیداوار میں طویل المدتی شراکت داری کا خواہاں ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان منزلز انویسٹمنٹ فورم سے خطاب میں وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت کا ہدف صرف انفرادی کانیں قائم کرنا نہیں بلکہ پاکستان میں ایک مربوط، مسابقتی اور پائیدار معدنی صنعت تشکیل دینا ہے۔
علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت شفاف اور یکساں مالیاتی شرائط مرتب کر رہی ہے تاکہ سرمایہ کاروں کو خصوصی رعایتوں کے لیے الگ الگ مذاکرات نہ کرنا پڑیں۔
وزیر پیٹرولیم نے کہا کہ معدنی شعبے کی ترقی کے ساتھ پاکستانی افرادی قوت کی تکنیکی مہارت، پیشہ ورانہ تربیت، انجینئرنگ خدمات اور مقامی سپلائرز کا نظام بھی مضبوط بنایا جائے گامعدنی منصوبوں کی کامیابی کے لیے مقامی آبادی کو براہ راست فائدہ پہنچانا ضروری ہے۔