واشنگٹن: امریکی بحریہ نے گزشتہ چند ماہ کے دوران متعدد اعلیٰ فوجی افسران اور اہم عہدیداروں کو عہدوں سے ہٹا دیا، تاہم ان تبدیلیوں کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔ بحریہ کی جانب سے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر خاموشی اختیار کرنے پر کانگریس کے ارکان نے سخت تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کے مطابق دو ڈیموکریٹ ارکانِ کانگریس نے جمعرات کو کہا کہ امریکی بحریہ نے گزشتہ ماہ ایک جوہری آبدوز کے پورے اعلیٰ کمانڈنگ عملے کو برطرف کرنے کے بارے میں کانگریس کو آگاہ نہیں کیا تھا۔ یہ کارروائی آبدوز کے سمندر کی تہہ میں کسی چیز سے ٹکرانے کے واقعے کے بعد کی گئی۔
اس کے علاوہ ستمبر میں مشرقِ وسطیٰ میں تعینات ایک امریکی جنگی جہاز کے کمانڈر کو بھی عہدے سے ہٹا دیا گیا، جبکہ کانگریس اور امریکی سپریم کورٹ کے لیے خدمات انجام دینے والے بحریہ کے اعلیٰ طبی افسر ریئر ایڈمرل ڈاکٹر برائن موناہن بھی تحقیقات کے دوران اپنے عہدے سے الگ ہوگئے۔ ان دونوں معاملات کا بھی فوری طور پر کوئی عوامی اعلان نہیں کیا گیا۔
امریکی ایوانِ نمائندگان کی آرمڈ سروسز کمیٹی کے ارکان جو کورٹنی اور ایڈم اسمتھ نے بحریہ کے قائم مقام سربراہ ہنگ کاؤ اور اعلیٰ فوجی افسر ایڈمرل ڈیرل کاڈل کو خط لکھ کر اس معاملے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔
خط کے مطابق یو ایس ایس ساؤتھ ڈکوٹا نامی جوہری آبدوز کے کمانڈر، نائب کمانڈر اور اعلیٰ ترین اہلکار کو گزشتہ ماہ برطرف کیا گیا تھا۔ یہ کارروائی آبدوز کے سمندر کی تہہ میں کسی چیز سے ٹکرانے کے بعد کی گئی، تاہم بحریہ نے اس واقعے پر عوامی سطح پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔
ارکانِ کانگریس کا کہنا تھا کہ بحریہ نے اہم عہدیداروں کی برطرفی کے بارے میں ایوان کی متعلقہ کمیٹی کو مطلع نہیں کیا، جس سے ادارے کی شفافیت اور کانگریس کے ساتھ تعاون پر سوالات پیدا ہوئے ہیں۔
دفاعی حکام کے مطابق امریکی بحریہ نے 27 ستمبر کو یو ایس ایس مائیکل مرفی نامی جنگی جہاز کی کمانڈر کمانڈر کیٹلن کننگھم کو بھی عہدے سے ہٹا دیا تھا۔ یہ جہاز ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کی معاونت کے لیے مشرقِ وسطیٰ میں تعینات تھا۔
ایک دفاعی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ کننگھم کو قیادت پر اعتماد ختم ہونے کی بنیاد پر عہدے سے ہٹایا گیا تھا۔ وہ ایک سال سے بھی کم عرصے سے اس منصب پر فائز تھیں۔
رپورٹ کے مطابق عام طور پر کسی جنگی جہاز کے کمانڈر کی برطرفی کا اعلان چند روز میں کردیا جاتا ہے، لیکن بحریہ نے اس معاملے پر سوالات کے باوجود کوئی عوامی وضاحت نہیں دی۔
ریپبلکن سینیٹر مائیک راؤنڈز اور ڈیموکریٹ سینیٹر الیکس پادیلا نے بھی جمعرات کو ڈاکٹر برائن موناہن کے عہدہ چھوڑنے کی تصدیق کی، تاہم اس کی وجوہات کے بارے میں تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
ڈاکٹر موناہن تقریباً 18 برس تک آفس آف دی اٹینڈنگ فزیشن کے سربراہ رہے۔ یہ ادارہ کانگریس اور سپریم کورٹ کے ارکان، عملے اور دیگر افراد کو ہنگامی طبی امداد فراہم کرتا ہے۔ بحریہ نے ان کی علیحدگی کے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔