یورپ کا اسرائیل کے ساتھ معاہدہ معطل کرنے کی درخواست پر غور

اس مہم کے حق میں مجموعی طور پر 11 لاکھ 17 ہزار 104 تصدیق شدہ دستخط جمع ہوئے


ویب ڈیسک November 13, 2026

یورپی یونین نے اسرائیل کے ساتھ تجارتی اور سیاسی تعلقات کے معاہدے کو مکمل طور پر معطل کرنے سے متعلق عوامی مطالبے کا باضابطہ جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اس مطالبے کے حق میں یورپی یونین کے 12 رکن ممالک کے 11 لاکھ 17 ہزار سے زائد شہریوں نے تصدیق شدہ دستخط کیے ہیں، جس کے بعد درخواست یورپی کمیشن کے سامنے پیش کردی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز اور یورپی کمیشن کے مطابق اس درخواست کے منتظمین نے تمام ضروری تصدیقی مراحل مکمل ہونے کے بعد اسے برسلز میں یورپی کمیشن کے حوالے کیا۔

یہ اقدام یورپی شہریوں کی ایک مہم کے تحت سامنے آیا ہے، جس کا عنوان ہے کہ اسرائیل کی مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیش نظر یورپی یونین اور اسرائیل کے درمیان ایسوسی ایشن معاہدہ مکمل طور پر معطل کیا جائے۔

یورپی کمیشن کے مطابق اس مہم کے حق میں مجموعی طور پر 11 لاکھ 17 ہزار 104 تصدیق شدہ دستخط جمع ہوئے۔ یورپی قانون کے تحت کسی شہری درخواست کو باضابطہ غور کے لیے پیش کرنے کی خاطر کم از کم 10 لاکھ تصدیق شدہ دستخط اور کم از کم سات رکن ممالک میں مقررہ تعداد پوری کرنا ضروری ہے۔

اس مہم نے 12 رکن ممالک میں مطلوبہ تعداد حاصل کرکے یہ شرائط پوری کرلیں۔ یورپی کمیشن کے مطابق یہ اپنی نوعیت کی 15ویں ایسی کامیاب یورپی شہری مہم ہے جسے باضابطہ جائزے کے مرحلے میں داخل کیا گیا ہے۔