ایران پر حملہ ہوا تو جواب سرحدوں تک محدود نہیں رہے گا، پاسدارانِ انقلاب کی دھمکی

ایزدی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران کسی بھی نئے حملے کی صورت میں سخت جوابی کارروائی کا عندیہ دے رہا ہے


ویب ڈیسک November 13, 2026

تہران: ایران کی پاسدارانِ انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر میجر جنرل مصطفیٰ ایزدی نے خبردار کیا ہے کہ ایران کے خلاف کسی بھی جارحیت کا فوری، مؤثر اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ جارحیت کرنے والوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ایرانی افواج کی کارروائی کسی جغرافیائی حدود تک محدود نہیں ہوگی۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق میجر جنرل مصطفیٰ ایزدی نے ایران کی میزائل صلاحیت اور مسلح افواج کی دفاعی طاقت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک میزائلوں، فضائی دفاع، ڈرونز اور بحری افواج کے شعبوں میں مکمل طور پر تیار ہے۔

ایزدی نے کہا کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ ان کے مطابق ایران نے میزائل ٹیکنالوجی اور دفاعی نظام میں اپنی صلاحیتوں کو مضبوط بنایا ہے، جبکہ ڈرونز اور بحری قوت بھی ملک کے دفاعی نظام کا اہم حصہ ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ دشمن کے زمینی اور سمندری اڈے بھی حملوں کی زد میں آچکے ہیں۔ تاہم انہوں نے اپنے بیان میں ان اڈوں، حملوں کے وقت یا نقصانات سے متعلق مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔

پاسدارانِ انقلاب کے ڈپٹی کمانڈر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان فوجی کشیدگی اور خطے میں سکیورٹی خدشات برقرار ہیں۔

ایزدی کے بیان سے ظاہر ہوتا ہے کہ تہران کسی بھی نئے حملے کی صورت میں سخت جوابی کارروائی کا عندیہ دے رہا ہے۔ تاہم ان کے بیان میں کسی مخصوص ملک یا ممکنہ کارروائی کی تفصیلات واضح نہیں کی گئیں۔