چین میں ٹرمپ، شی جن پنگ اور پیوٹن کی ملاقات متوقع؛ نیویارک پوسٹ کا دعویٰ

تینوں رہنماؤں کی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں، شمالی کوریا، یوکرین اور ایران سے متعلق امور پر بات چیت کا امکان ہے


ویب ڈیسک November 13, 2026

امریکی جریدے نیویارک پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چینی صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے درمیان جمعرات کو چین کے شہر شینزن میں ملاقات متوقع ہے۔

نیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق تینوں رہنماؤں کی ملاقات میں جوہری ہتھیاروں کے کنٹرول، شمالی کوریا، یوکرین اور ایران سے متعلق امور پر بات چیت کا امکان ہے۔

تینوں عالمی رہنماؤں کی ممکنہ ملاقات کو 1945 میں دوسری جنگ عظیم کے بعد ہونے والی یالٹا کانفرنس سے جوڑا جا رہا ہے جس میں امریکی صدر فرینکلن روزویلٹ، برطانوی وزیراعظم ونسٹن چرچل اور سوویت رہنما جوزف اسٹالن نے یورپ کی نئی سرحدوں اور سیاسی انتظامات پر اتفاق کیا تھا۔

یوکرین کے صدر ولودومیر زیلنسکی نے بھی اس ممکنہ ملاقات پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے یالٹا کانفرنس سے تشبیہ دی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ شینزن میں ہونے والی ملاقات 21ویں صدی کے لیے عالمی اثر و رسوخ کے دائروں کی نئی تقسیم کا معاہدہ ثابت ہوسکتی ہے۔