ملازمہ نے تعلقات کا الزام لگایا تو ربیعہ سے جھگڑا ہوا‘، شوہر کا ازدواجی زندگی سے متعلق اہم بیان

2ملازم خواتین کے باعث میاں بیوی میں ناراضگی ہوئی، ایک ملازمہ نے نوکری سے نکلوانے کے لیے مجھ پر تعلقات کا الزام لگایا


عمران اصغر November 14, 2026

راولپنڈی میں اینکر ربیعہ قتل کیس میں میاں بیوی کے تعلقات سے متعلق سوشل میڈیا دعوؤں پر بھی تفتیش جاری ہے۔

پولیس ذرائع نے کہا کہ ربیعہ اور گرفتار شوہر احسن کے درمیان سیلون کے معاملے پر ایک مرتبہ جھگڑا ہوا، ملزم احسن نے دورانِ تفتیش ازدواجی زندگی اور سیلون کے تنازعے سے متعلق تفصیلی بیان دے دیا۔

ملزم نے بیان دیا کہ ربیعہ سے 2010 میں پسند کی شادی کی، دونوں نجی بینک میں ساتھ کام کرتے تھے، بینک کے بعد دونوں نے موبائل نیٹ ورک کمپنی میں ملازمت اختیار کی، ربیعہ کو برٹش ہائی کمیشن میں بھی ملازمت ملی، کورونا کے دوران ربیعہ نے اسلام آباد میں سیلون کھولنے کا فیصلہ کیا، کاروبار میں ساتھ دیا۔

ملزم نے دعویٰ کیا کہ سیلون کی دو ملازم خواتین کے تنازعے کے باعث میاں بیوی میں ناراضگی ہوئی، ایک ملازمہ نے دوسری کو نوکری سے نکلوانے کے لیے مجھ پر تعلقات کا الزام لگایا، الزام کی تردید کرکے ربیعہ کو یقین دلایا تو ناراضگی ختم ہوگئی تھی۔

ملزم نے دعویٰ کیا کہ  اس واقعے کے علاوہ 16 سالہ ازدواجی زندگی میں کوئی تنازع نہیں تھا، ربیعہ کے ساتھ روزانہ شام کو جم میں بیڈمنٹن کھیلنے جاتا تھا،ربیعہ محنت سے مقام بنانے والی پیشہ ور خاتون تھیں۔

پولیس ذرائع نے کہا کہ دونوں کے موبائل فونز کے تجزیے میں باہمی ناراضگی کے شواہد نہیں ملے،  ملزم احسن نے میاں بیوی کے درمیان مسلسل خراب تعلقات کے دعوؤں کی تردید کردی۔