سہیل آفریدی اور بابر سلیم سواتی سمیت 9 ارکان اسمبلی کی حراست آئینی عدالت میں چیلنج

محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس نے منتخب نمائندوں کی فوری رہائی کے لیے آئینی درخواست دائر کی


جہانزیب عباسی November 14, 2026
فوٹو: فائل

اسلام آباد:

سہیل آفریدی، بابر سلیم سواتی سمیت 9 ارکان اسمبلی کی گرفتاری اور حراست کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق محمود خان اچکزئی اور راجہ ناصر عباس نے منتخب نمائندوں کی فوری رہائی کے لیے آئینی درخواست دائر کردی۔ ایڈووکیٹ معظم بٹ کی وساطت سے گرفتاری اور حراست کے خلاف درخواست دائر کی گئی ہے۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ منتخب نمائندوں کو حراست میں رکھنا عوام کے انتخابی مینڈیٹ کو غیر مؤثر بنانے کے مترادف ہے۔ سیاسی وابستگی کی بنیاد پر منتخب نمائندوں کو نشانہ بنانا آئین کے آرٹیکل 4، 14، 17 اور 25 کی خلاف ورزی ہے۔

درخواست میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ زیر حراست ارکان اسمبلی کہاں ہیں؟ ان کی قانونی حیثیت اور مقام حراست کی واضح تفصیلات سامنے لائی جائیں۔

درخواست کے مطابق آرٹیکل 232، 234 اور 245 کے تحت غیر معمولی اختیارات بھی بنیادی حقوق سے بالاتر نہیں، جبکہ گورنر راج نافذ ہونے سے بنیادی حقوق ختم نہیں ہوتے۔ حکومتی اقدامات ایف سی سی کے عدالتی جائزے کے تابع ہیں۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس کو حکومت سے مذاکرات کی ذمہ داری سونپی تھی۔ درخواست گزاروں کے مطابق ریاستی مشینری کو سیاسی اختلاف دبانے اور منتخب نمائندوں کو غیر مؤثر بنانے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔

درخواست میں تمام متاثرہ ارکان اسمبلی کو وفاقی آئینی عدالت میں پیش کرنے اور ان کی حراست کا قانونی جواز جانچنے کی استدعا کی گئی ہے۔ محمود اچکزئی اور راجہ ناصر عباس نے عدالت سے مزید استدعا کی ہے کہ تمام زیر حراست منتخب نمائندوں کی فوری رہائی کا حکم دیا جائے۔