پشاور:
انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں نامزد سہیل آفریدی کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کردی ہے۔
عدالت نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اور عامر چمکنی کو فوجداری قانون کی دفعہ 87 کے تحت نوٹس جاری کردیے۔ پراسیکیوشن کے مطابق سہیل آفریدی اور عامر چمکنی کے خلاف 87 کے نوٹس گھر اور دفتر پر آویزاں کیے جائیں گے۔
پراسیکیوشن کا کہنا ہے کہ سہیل آفریدی پیش نہ ہونے کی صورت میں عدالت فوجداری قانون کی دفعہ 512 کے تحت انہیں اشتہاری قرار دے گی۔ اشتہاری قرار دینے کے ساتھ ہی سہیل آفریدی اور عامر چمکنی کے خلاف دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے جائیں گے۔
واضح رہے کہ ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں سہیل آفریدی کو ریڈیو پاکستان کی درخواست پر نامزد کردیا گیا ہے۔ پراسیکیوشن کے مطابق حملہ کیس میں 80 سے زائد ملزمان نامزد ہیں اور کیس کا ٹرائل زیر سماعت ہے۔