صبا قمر دسمبر میں شادی کرنے والی ہیں؟ اداکارہ کا ردعمل سامنے آگیا

صبا قمر اپنی نجی زندگی کو عموماً میڈیا کی توجہ سے دور رکھتی ہیں


ویب ڈیسک November 14, 2026

اداکارہ صبا قمر نے دسمبر میں شادی کرنے سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں پر اپنے مخصوص مزاحیہ انداز میں ردعمل دیتے ہوئے ان کی تردید کردی ہے۔

اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر ایک اسٹوری شیئر کی، جس میں انہوں نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اپنی شادی کے بارے میں خود بھی کوئی علم نہیں۔ اگر واقعی ان کی شادی ہونے والی ہے تو انہیں بھی اس کا دعوت نامہ بھیجا جائے۔

صبا قمر نے اپنی مصروفیات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کا شیڈول اس قدر بھرا ہوا ہے کہ انہیں گھر جانے اور سونے تک کا وقت نہیں مل رہا۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں مزید کہا کہ ابھی تک کسی نے انہیں ان کی اپنی شادی میں مدعو نہیں کیا، اس لیے اگر یہ خبر درست ہے تو انہیں بھی کارڈ بھیج دیا جائے۔

اداکارہ کے اس ردعمل نے شادی سے متعلق افواہوں کو ایک نیا رخ دے دیا، جبکہ ان کے دلچسپ تبصرے سے مداح بھی محظوظ ہوئے۔ صبا قمر اپنی نجی زندگی کو عموماً میڈیا کی توجہ سے دور رکھتی ہیں، تاہم ان کے تعلقات اور شادی کے حوالے سے مداحوں میں اکثر تجسس پایا جاتا ہے۔

اس مرتبہ بھی انہوں نے کسی تفصیلی بیان کے بجائے مختصر اور مزاحیہ انداز میں ان خبروں کا جواب دیا ہے۔