آسکر ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار ایم ایم کیراوانی نے 22 کلوگرام وزن کم کرکے سب کی توجہ حاصل کرلی ہے۔ معروف اداکار انوپم کھیر نے ان کی اس تبدیلی کو سراہتے ہوئے اسے عزم اور مستقل مزاجی کی عمدہ مثال قرار دیا ہے۔
انوپم کھیر نے حیدرآباد میں کیراوانی سے ملاقات کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس، جو پہلے ٹوئٹر کہلاتا تھا، پر تصاویر شیئر کیں۔ انہوں نے اپنے دوست کی جسمانی تبدیلی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے عزیز دوست اور آسکر ایوارڈ یافتہ موسیقار ایم ایم کیراوانی نے حیران کن طور پر 22 کلوگرام وزن کم کیا ہے اور ان کا عزم واقعی متاثر کن ہے۔
اداکار کے مطابق ملاقات کے دوران کیراوانی پہلے سے زیادہ تروتازہ، پُرجوش اور پراعتماد دکھائی دیے۔ انوپم کھیر نے کہا کہ ان کے چلنے کے انداز میں بھی ایک نئی توانائی محسوس ہورہی تھی اور دوست کو اتنا خوش اور پُراعتماد دیکھ کر انہیں فخر محسوس ہوا۔
انوپم کھیر نے موسیقی کے میدان میں کیراوانی کی کامیابیوں کو بھی سراہا اور کہا کہ انہوں نے ثابت کیا ہے کہ توجہ اور پختہ ارادے کے ذریعے غیر معمولی نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے موسیقار کے لیے ان کی زندگی کے نئے مرحلے میں نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
واضح رہے کہ ایم ایم کیراوانی کو عالمی سطح پر تیلگو فلم ’آر آر آر‘ کے گیت ’ناٹو ناٹو‘ کی موسیقی ترتیب دینے کے حوالے سے پہچانا جاتا ہے۔ اس گانے نے 2023 میں آسکر ایوارڈز میں بہترین اوریجنل سانگ کا اعزاز حاصل کیا تھا، جبکہ اسی سال گولڈن گلوب ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا۔ 12 مارچ 2023 کو ہالی ووڈ، کیلیفورنیا میں منعقدہ 95ویں اکیڈمی ایوارڈز کی تقریب میں کیراوانی اور گیت نگار چندر بوس نے یہ ایوارڈ وصول کیا تھا۔