خوفناک بم دھماکے میں اسرائیل لرز اُٹھا؛ صیہونی فوج کی سیکیورٹی بری طرح ناکام

50 سالہ ایک مرد اور ایک خاتون کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جبکہ تیسرے زخمی کو معمولی چوٹیں آئیں


ویب ڈیسک November 14, 2026

اسرائیل کے شمالی علاقے کفر مندا میں کاروباری مرکز پر مبینہ دستی بم حملے کے نتیجے میں شدید زخمی ہونے والی 60 سالہ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

اسرائیلی اخبار دی ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق ہفتے کے روز کفر مندا میں ایک کاروباری مرکز پر مبینہ طور پر دستی بم پھینکا گیا جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا اور چار افراد زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق دھماکے میں ایک 60 سالہ خاتون شدید زخمی ہوئی تھیں۔ طبی امدادی ٹیموں نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر خاتون کی جان بچانے کے لیے فوری طور پر طبی امداد اور بحالیِ قلب کی کوششیں شروع کیں تاہم وہ بعد ازاں اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئیں۔

واقعے میں زخمی ہونے والے دیگر 3 افراد میں 50 سالہ ایک مرد اور ایک خاتون شامل ہیں جن کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے جبکہ تیسرے زخمی کو معمولی چوٹیں آئیں۔

اسرائیلی طبی امدادی ادارے میگن ڈیوڈ ایڈوم کے مطابق زخمیوں کو حیفہ کے رمبام میڈیکل سینٹر اور ناصرت کے اطالوی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے ہیں اور دھماکے کے محرکات جاننے کی کوشش کی جارہی ہے۔

حکام کے مطابق واقعے کے پس منظر اور حملے کی وجوہات تاحال زیر تفتیش ہیں۔ فوری طور پر کسی ملزم کی گرفتاری یا حملے کی ذمہ داری قبول کیے جانے کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔