امریکا میں فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے باوجود 2 ہزار پروازیں منسوخ؛ ہزاروں مسافر پھنس گئے

پیشہ ورانہ اور کالجوں کی کھیلوں کی ٹیموں کو بھی اپنی منزلوں تک پہنچنے کے لیے متبادل سفری انتظامات کرنا پڑے


ویب ڈیسک November 14, 2026
بیرون اور نادرون ملک پروازوں کیلیے ایس او پیز بنائے گئے ہیں، فوٹو : فائل

امریکا میں فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام میں خرابی کے باعث ملک بھر میں فضائی آپریشنز شدید متاثر ہیں ہفتے کے روز بھی 2 ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں جبکہ ہزاروں مسافروں کو ایئرپورٹس پر مشکلات کا سامنا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق امریکا گزشتہ 25 برس کے طویل ترین ملک گیر فضائی گراؤنڈ اسٹاپ کے اثرات سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے۔

اس بحران کے باعث نہ صرف عام مسافر متاثر ہوئے بلکہ پیشہ ورانہ اور کالجوں کی کھیلوں کی ٹیموں کو بھی اپنی منزلوں تک پہنچنے کے لیے متبادل سفری انتظامات کرنا پڑے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے حکام کے مطابق فضائی ٹریفک کنٹرول کے نظام میں نئی ٹیکنالوجی شامل کرنے کے دوران پرانے مواصلاتی آلات پر اضافی دباؤ پڑا جس کے نتیجے میں رابطوں اور ریڈار کے نظام میں وقفے وقفے سے خرابیاں پیدا ہوئیں۔

اس تکنیکی خرابی کے باعث امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کو ملک بھر میں پروازوں کی آمدورفت چار گھنٹے سے زائد وقت کے لیے روکنا پڑی۔

جمعے کی رات مشرقی امریکی وقت کے مطابق تقریباً 8 بج کر 15 منٹ پر گراؤنڈ اسٹاپ ختم کردیا گیا تھا، جس کے بعد محدود تعداد میں اندرون ملک پروازیں روانہ ہوئیں، تاہم فضائی نظام فوری طور پر معمول پر نہیں آسکا۔

امریکی حکام نے خبردار کیا ہے کہ اس بحران کے اثرات مزید کئی روز تک برقرار رہ سکتے ہیں، تاہم انہیں توقع ہے کہ تھینکس گیونگ کی تعطیلات کے دوران مسافروں کے بڑے رش سے قبل فضائی آپریشنز معمول پر آجائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق امریکا میں اس نوعیت کا آخری ملک گیر گراؤنڈ اسٹاپ جنوری 2023 میں پیش آیا تھا، جب ایف اے اے کے پائلٹس کو اہم فضائی معلومات فراہم کرنے والے کمپیوٹر سسٹم میں خرابی پیدا ہوگئی تھی۔

11 ستمبر 2001 کے دہشت گرد حملوں کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب امریکا میں ملک گیر سطح پر فضائی آپریشنز اس طرح معطل کیے گئے۔

دوسری جانب ایئرلائنز نے متاثرہ مسافروں کو متبادل پروازوں میں جگہ فراہم کرنے اور اپنے معمول کے شیڈول کی بحالی کے لیے اقدامات شروع کردیے ہیں۔