کراچی:
گلستانِ جوہر میں نوجوان میر رضا علی کے قتل کے مقدمے میں جائے وقوعہ کو محفوظ بنانے اور کرائم سین یونٹ کو طلب نہ کرنے پر سابق ایس ایچ او گلستانِ جوہر سب انسپکٹر کامران قریشی کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا۔
ایڈیشنل انسپکٹر جنرل پولیس کراچی رینج آزاد خان نے انکوائری رپورٹ اور محکمانہ کارروائی کی روشنی میں برطرفی کے حتمی احکامات جاری کردیے۔
محکمانہ حکم نامے کے مطابق سب انسپکٹر کامران قریشی اس وقت تھانہ گلستانِ جوہر ضلع شرقی میں ایس ایچ او تعینات تھے۔ ان پر الزام تھا کہ 29 جولائی 2026 کو گلستانِ جوہر بلاک ون میں شادی قلعہ گراؤنڈ کے قریب جھاڑیوں سے 25 سالہ میر رضا علی ولد میر حسین کی دو روز پرانی گولی لگی لاش ملنے کے واقعے میں انہوں نے بطور ایس ایچ او اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جائے وقوعہ کو محفوظ بنانے کے لیے کرائم سین یونٹ کو طلب کرنا اور مقررہ ضابطہ کار کے مطابق شواہد جمع کرانا ایس ایچ او کی ذمہ داری تھی، تاہم انہوں نے ایسا نہیں کیا، جس کے باعث جائے وقوعہ کی بروقت کارروائی نہ ہوسکی اور فرانزک معائنے میں تاخیر کے ساتھ اہم شواہد ضائع ہونے کا خدشہ پیدا ہوا۔
واقعے کی محکمانہ انکوائری ایس ایس پی ضلع وسطی ڈاکٹر محمد عمران خان نے کی، جنہوں نے 21 ستمبر 2026 کو اپنی رپورٹ میں قرار دیا کہ ایس ایچ او نے جائے وقوعہ کو محفوظ بنانے اور متعلقہ کرائم سین یونٹ کو اطلاع دینے کے حوالے سے غفلت کا مظاہرہ کیا، انکوائری افسر نے کامران قریشی کے خلاف بڑی محکمانہ سزا دینے کی سفارش کی تھی۔
حکم نامے کے مطابق کامران قریشی کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، تاہم انہوں نے تحریری جواب جمع نہیں کرایا۔ انہیں 13 نومبر کو آرڈرلی روم میں ذاتی طور پر طلب کرکے موقف سننے کا موقع بھی دیا گیا، لیکن ان کی زبانی وضاحت غیر تسلی بخش قرار پائی۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی رینج آزاد خان نے انکوائری افسر کی سفارش سے اتفاق کرتے ہوئے سندھ پولیس ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن رولز 1988 کے تحت سب انسپکٹر کامران قریشی کو ملازمت سے برطرف کرنے کی بڑی محکمانہ سزا دے دی۔ حکم نامے میں تمام سرکاری سامان اور واجبات کا حساب مکمل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ترجمان کراچی پولیس کے اعلامیہ کے مطابق ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے میر رضا کیس سے متعلق انکوائری کمیشن کی تحقیقات اور سفارشات کی روشنی میں سابق ایس ایچ او گلستانِ جوہر، سب انسپکٹر کامران قریشی کو غیر پیشہ ورانہ طرزِ عمل، فرائض کی انجام دہی میں غفلت اور غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے پر ملازمت سے برطرف کر دیا ہے۔
یہ محکمانہ کارروائی انکوائری کمیشن کی جانب سے مرتب کردہ حقائق اور سفارشات کی روشنی میں عمل میں لائی گئی ہے۔