کراچی: گڈاپ میں 9 کروڑ کی ڈکیتی کے مقدمے میں ملوث زیر حراست ملزمان پولیس کو چکمہ دیکر فرار

آئی جی سندھ نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے تفصیلی رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی


اسٹاف رپورٹر November 15, 2026

کراچی:

گڈاپ میں 9 کروڑ کی ڈکیتی کے مقدمے میں ملوث زیر حراست ملزمان پولیس کو چکمہ دیکر فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق تقریباً چار ماہ قبل گڈاپ کے علاقے میں ایک تاجر کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوئی تھی جس میں ملزمان 200 تولے سونا، چاندی اور 25 لاکھ روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے تھے۔

 واردات میں لوٹے گئے سامان کی مجموعی مالیت تقریباً 9 کروڑ روپے بتائی گئی تھی جبکہ واقعے کا مقدمہ گڈاپ تھانے میں درج ہے۔

واردات میں ایک سنار سمیت تین ملزمان ملوث تھے جو گڈاپ پولیس کی حراست میں تھے، دو ملزمان پولیس اہلکاروں کو چکما دے کر فرار ہوگئے جبکہ جاتے ہوئے ایک پولیس اہلکار کی موٹرسائیکل بھی ساتھ لے گئے۔

ایس ایس پی ملیر کی جانب سے گڈاپ تھانے میں تعینات تین پولیس اہلکاروں کو کواٹر گارڈ کردیا گیا ہے۔

 آئی جی سندھ جاوید عالم اوڈھو نے ملزمان کے فرار ہونے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی ایسٹ اور ایس ایس پی ملیر سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ فوری طور پر طلب کرلی۔

آئی جی سندھ نے ہدایت کی ہے کہ فرار ہونے والے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن شروع کیا جائے۔

جاوید عالم اوڈھو کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں کی جانب سے فرائض کی انجام دہی میں غفلت یا لاپروائی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لے کر ذمہ داران کا تعین کیا جائے اور غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔