اٹلی نے صارفین کی تصاویر تک رسائی پر میٹا کو 880 ملین ڈالر جرمانہ کر دیا

صارفین کو یہ واضح نہیں ہوتا تھا کہ وہ اپنی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی کی بھی اجازت دے رہے ہیں


ویب ڈیسک November 15, 2026

اٹلی نے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی میٹا پر صارفین کی نجی تصاویر اور ویڈیوز تک ان کی واضح اجازت کے بغیر رسائی حاصل کرنے پر 80 کروڑ 50 لاکھ یورو (تقریباً 88 کروڑ 70 لاکھ ڈالر) کا بھاری جرمانہ عائد کردیا ہے۔

اٹلی کی ڈیٹا پروٹیکشن اتھارٹی کے مطابق فیس بک کی اینڈرائیڈ ایپ میں موجود ایک فیچر کے ذریعے صارفین کے موبائل فون کی گیلری میں محفوظ تصاویر، ویڈیوز اور ان سے متعلق معلومات تک رسائی حاصل کی جارہی تھی، جبکہ صارفین کو اس بارے میں مناسب اور واضح طور پر آگاہ نہیں کیا گیا تھا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز اور ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق یہ فیصلہ ہفتہ، 14 نومبر 2026ء کو سنایا گیا۔ حکام کا اندازہ ہے کہ اس معاملے سے اٹلی کے تقریباً 2 کروڑ اینڈرائیڈ صارفین متاثر ہوسکتے ہیں۔

اطالوی حکام کے مطابق فیس بک ایپ میں ’Get suggestions from gallery when browsing Facebook‘ نامی فیچر موجود تھا، جو صارفین کو ان کی ذاتی گیلری سے تصاویر اور ویڈیوز منتخب کرکے فیس بک پر پوسٹ کرنے کی تجاویز دیتا تھا۔

تحقیقات میں سامنے آیا کہ یہ فیچر پہلے سے فعال تھا اور ایپ صارفین سے مختلف سہولتوں کے لیے ایک ہی اجازت طلب کرتی تھی۔ اس طریقہ کار سے صارفین کو یہ واضح نہیں ہوتا تھا کہ وہ اپنی تصاویر اور ویڈیوز تک رسائی کی بھی اجازت دے رہے ہیں.