ایران کا بحرین میں امریکی فضائی دفاعی ریڈار کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

بحرین کی وزارت داخلہ نے اتوار کی صبح ممکنہ خطرات سے متعلق دو ہنگامی انتباہات جاری کیے


ویب ڈیسک November 15, 2026

ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خلیجی ملک بحرین میں امریکی فوجی اڈے پر ڈرون حملے کا دعویٰ کیا ہے۔

ایرانی حکام کے مطابق چھ ڈرونز کے ذریعے امریکی فضائی دفاعی ریڈار کو نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد بحرین کے دارالحکومت منامہ اور اطراف کے علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔

خبر رساں ادارے رائٹرز اور امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق یہ حملہ اتوار، 15 نومبر 2026ء کی صبح کیا گیا۔ ایرانی سرکاری میڈیا نے بتایا کہ پاسدارانِ انقلاب کی فضائی فورس نے بحرین کے علاقے الرفاع میں واقع ہیلی کاپٹر فوجی اڈے پر امریکی فضائی دفاعی ریڈار کو نشانہ بنانے کے لیے چھ ڈرونز داغے۔

بحرین کی وزارت داخلہ نے اتوار کی صبح ممکنہ خطرات سے متعلق دو ہنگامی انتباہات جاری کیے۔ شہریوں اور رہائشیوں کو پرسکون رہنے اور قریب ترین محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔

وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق منامہ کے آس پاس رہنے والے شہریوں نے متعدد دھماکوں کی آوازیں سننے کی اطلاع دی، تاہم فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوسکا کہ امریکی فوجی اڈے یا ریڈار تنصیب کو کوئی نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔